سرکاری ملازمین کو دسہرہ تہوار کا تحفہ، تنخواہوں پر نظرثانی

   

27 تا 35 فیصد فٹمنٹ منظوری کی توقع، پے ریویژن کمیشن سفارشات حکومت کو پیش کرنے تیار

حیدرآباد ۔ 21 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کے سرکاری ملازمین، اساتذہ اور ورکرس کی تنخواہوں پر نظرثانی کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے قائم کردہ ’’پے ریویژن کمیشن‘‘ اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرنے کے عمل میں تیزی پیدا کی ہے اور سمجھا جاتا ہیکہ دسہرہ تہوار کے موقع پر تمام سرکاری ملازمین، اساتذہ اور ورکرس کو عید کے تحفہ کے طور پر نئی نظرثانی شدہ تنخواہیں ادا کرنے کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا ہیکہ سرکاری ملازمین کو ’’27 تا 35 فیصد فٹمنٹ‘‘ کے ساتھ دیئے جانے کا قوی امکان ہے اور مجوزہ پے ریویژن کمیشن (پی آر سی) رپورٹ بھی اسی مناسبت سے جاری کئے جانے کی توقع ہے۔ مختلف محکمہ جات کیڈر کی بنیاد پر اقل ترین و اعظم ترین جملہ تنخواہ الاونسیس کو واضح طور پر صدرنشین پے ریویژن کمیشن مسٹر سی آر بسوال ارکان پے ریویژن کمیشن مسرس محمد علی رفعت اور اوما مہیشور راؤ اپنی رپورٹس میں تجاویز پیش کریں گے جبکہ ریاستی سرکاری ملازمین یونینوں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین 43 فیصد عبوری راحت تمام ملازمین کو فراہم کرنے اور 63 فیصد فٹمنٹ کے علاوہ اقل ترین تنخواہ 24 ہزار روپئے کرنے کی سفارش کرنے کا پے ریویژن کمیشن سے مطالبہ کررہے ہیں لیکن بتایا جاتا ہیکہ ملازمین یونینوں کے مطالبہ کے پے ریویژن کمیشن رپورٹ نہ دینے کی ہی توقع پائی جارہی ہے اور سمجھا جارہا ہیکہ ریاستی حکومت پر بھاری مالی بوجھ عائد نہ ہونے اور حکومت کے موجودہ مالی و مسائل کے مطابق ہی پے ریویژن کمیشن رپورٹ میں سلابس تیار کئے جارہے ہیں لیکن پے ریویژن کمیشن رپورٹ کی حکومت کو پیشکشی کے بعد ہی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہی کس حد تک فٹمنٹ فراہم کیا جاسکتا ہے خود چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے فیصلہ کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ مسٹر سی آر بسوال کی قیادت میں مسرس محمد علی رفعت اور اوما مہیشور راؤ پر مشتمل پے ریویژن کمیشن توقع ہیکہ آئندہ ماہ ستمبر کے اختتام تک پی آر سی سے متعلق اپنی رپورٹ کو قطعیت دیکر ریاستی حکومت کو پیش کرے گی۔ تلنگانہ کا مالی موقف بھی کچھ اطمینان بخش نہ ہونے کی وجہ سے ہی پے ریویژن کمیشن رپورٹ کی تیاری میں بھی تاخیر ہورہی ہے۔ حقیقت تو یہ ہیکہ پے ریویژن کمیشن کمیٹی کی میعاد جاریہ ماہ یعنی 25 اگست کو ختم ہورہی تھی لیکن حکومت نے پے ریویژن کمیشن کی میعاد میں مزید چھ ماہ کی توسیع دینے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔