حیدرآباد: بی جے پی رکن کونسل رام چندر راؤ نے آندھراپردیش کی طرح تلنگانہ میں سرکاری ملازمین کو 27 فیصد عبوری امداد کے اعلان کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات سے قبل چیف منسٹر کو تمام وعدوں پر عمل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ ملازمین کی تنظیمیں ملازمین کے مسائل پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ پی آر سی پر عمل آوری میں تاخیر کی صورت میں حکومت کو عبوری امداد کا اعلان کرنا چاہئے ۔ مرکز کی جانب سے ابھی تک ملازمین کو تین مرتبہ ڈی اے کا اعلان کیا گیا جبکہ تلنگانہ میں صرف ایک مرتبہ ڈی اے دیا گیا ہے ۔ انہوں نے سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ تین لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا مطالبہ کیا ۔ رام چندر راؤ نے کہا کہ یونیورسٹیز میں وائس چانسلرس اور پروفیسرس کے مخلوعہ عہدوں پر فوری تقررات کرتے ہوئے یونیورسٹیز کا تحفظ کیا جائے۔
