سرکاری ملازمین کیلئے ایک کروڑ روپئے حادثاتی انشورنس کی تجویز : بھٹی وکرامارکا

   

Ferty9 Clinic

سنگارینی و برقی ملازمین کیلئے انشورنس پر عمل ، سنگارینی ریفرل ہاسپٹلس میں ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے عنقریب تقررات
حیدرآباد 6 جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ تلنگانہ کے تمام سرکاری ملازمین کیلئے مستقبل میں حادثاتی انشورنس کے طور پر ایک کروڑ روپئے کی ادائیگی کی اسکیم کا حکومت جائزہ لے رہی ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سنگارینی کالریز کمپنی کے ملازمین کو میڈیکل سہولتوں کی فراہمی سے متعلق سوال پر بھٹی وکرامارکا نے سنگارینی کالریز کے علاوہ محکمہ برقی کے ملازمین کیلئے ایک کروڑ روپئے پر مشتمل حادثاتی انشورنس متعارف کرنے کا تیقن دیا۔ کانگریس ارکان مکھن سنگھ راج ٹھاکر، ڈاکٹر کے ستیہ نارائنا اور سی پی آئی کے رکن سامبا سیوا راؤ نے سنگارینی کالریز کے ملازمین کیلئے میڈیکل سہولتوں میں اضافہ کی نمائندگی کی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ سنگارینی کالریز کے ملازمین کی بھلائی پر حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد سنگارینی کالریز ملازمین کیلئے پہلی مرتبہ انشورنس اسکیم متعارف کی گئی ہے۔ ملازمین اور سنگارینی کالریز پر کسی اضافی بوجھ کے بغیر بینک کے ذریعہ انشورنس اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ حادثاتی انشورنس کے تحت سنگارینی ملازمین کے افراد خاندان کو ایک کروڑ روپئے ادا کئے جائیں گے۔ ملک میں پہلی مرتبہ کسی ریاست نے ایک کروڑ حادثاتی انشورنس اسکیم متعارف کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ برقی اداروں کے تمام ملازمین کیلئے ایک کروڑ روپئے پر مشتمل حادثاتی انشورنس کو متعارف کیا جارہا ہے۔ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور جنریشن کمپنیوں کے ملازمین اِس اسکیم سے استفادہ کرپائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ مستقبل میں تلنگانہ کے تمام سرکاری ملازمین کیلئے ایسی اسکیم کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے تیقن دیا کہ جلد اِس سلسلہ میں حکومت فیصلہ کرے گی۔ اصل سوال کے جواب میں بھٹی وکرامارکا نے سنگارینی ریفرل ہاسپٹلس کے ذریعہ کریم نگر، ورنگل اور حیدرآباد میں سنگارینی کے ریٹائرڈ ملازمین کو ادویات کی تقسیم سے متعلق تجویز کی تردید کی۔ اُنھوں نے کہاکہ سنگارینی ریفرل ہاسپٹلس میں ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل فبروری تک مکمل کرلیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ گوداوری کھنی میں اندرون 75 یوم کیاتھ لیاب کا آغاز کیا جائے گا۔ سنگارینی ریفرل ہاسپٹلس میں 32 ڈاکٹرس کی جائیدادوں پر تقررات کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 176 پیرا میڈیکل اسٹاف کے تقرر کا عمل جاری ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ مارچ تک تقررات کا عمل مکمل کرکے سنگارینی ملازمین کیلئے بہتر طبی سہولتوں کو یقینی بنایا جائے گا۔1