سرکاری ملازمین کی ترقی کے مسئلہ پر ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس

   

Ferty9 Clinic


24 جنوری تک ترقی کا عمل مکمل کرنے چیف سکریٹری سومیش کمار کی ہدایت
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ تمام کیڈر کے تحت کام کرنے والے سرکاری ملازمین کی ترقی کا عمل 31 جنوری تک مکمل کرلیا جائے۔ اس کے علاوہ کسی تاخیر کے بغیر متبادل تقررات کی تکمیل کریں۔ چیف سکریٹری نے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ضلع کلکٹرس کے ساتھ ملازمین کے پروموشن، ریوینو، رعیتو ویدیکا، منریگا اور دیگر مسائل پر بات چیت کی۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ترجیحی بنیادوں پر ملازمین کے پروموشن کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کلکٹر سے کہا گیا ہے کہ وہ ضلع کی سطح پر تمام محکمہ جات کا اجلاس طلب کرتے ہوئے پروموشن کے بعد مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پروموشن کی اہلیت والے ملازمین کی فہرست تیار کی جائے۔ چیف سکریٹری نے اندرون ایک ہفتہ جائزہ اجلاس رکھتے ہوئے 24 جنوری تک کام کی تکمیل کا مشورہ دیا۔ چیف سکریٹری نے منریگا اسکیم کے تحت 4.10 کروڑ روپئے کی ادائیگی پر عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کلکٹرس کو آئندہ تین ماہ کا منصوبہ تیار کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کسانوں سے متعلق اسکیمات پر عمل آوری کی ہدایت دی۔ ویڈیو کانفرنس میں پرنسپل سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی وکاس راج، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری ہیلت مرتضیٰ علی رضوی، سکریٹری چیف منسٹر شیشادری اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔