حیدرآباد /21 ستمبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ حکومت سرکاری ملازمین اور ٹیچرس کی تنخواہوں پر نظرثانی کرنے کیلئے پے ریویژن کمیشن ( پی آر سی ) تشکیل دینے ۔ رپورٹ وصول ہونے تک ( آئی آر ) عبوری الاؤنس کے علاوہ زیر التواء تین ڈی اے میں ایک ڈی اے جاری کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ29 ستمبر کو کابینہ کا اجلاس طلب کیا جارہا ہے ۔ جس میں سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کے علاوہ دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ ریاست میں پی آر سی کی تشکیل پر کافی عرصہ سے بحث چل رہی ہے ۔ چیف منسٹر نے بھی اس مسئلہ پر جلد خوشخبری سنانے کا سرکاری ملازمین کو تیقن دیا ہے ۔ حکومت پی آر سی تشکیل دے گی ۔ یکم جولائی سے تنخواہوں میں اضافہ اور فٹمنٹ پر سفارشات تک عبوری الاونس جاری کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ محکمہ فینانس کے عہدیدار کتنے فیصد تنخواہ اضافہ کرنے پر سرکاری خزانہ پر کتنا مالی بوجھ عائد ہوگا اس کی رپورٹس تیار کرنے میں مصروف ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی کے ذریعہ سرکاری ملازمین کو تیقن دیا تھا کہ بہت جلد سرکاری ملازمین تنظیموں کے نمائندوں کو طلب کرتے ہوئے وہ مشاورت کریں گے ۔ سرکاری ملازمین اس کا بڑی بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ 10 اکٹوبر سے قبل انتخابی شیڈول جاری ہونے کے اشارے مل رہے ہیں جس کی وجہ سے پی آر ایس کی تشکیل اور عبوری الاونس کی اجرائی کے بارے میں سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں ۔ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو 29 ستمبر کو کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا اور اہم ایجنڈا ملازمین کے مسائل حل کرنا ہوگا ۔ اس اجلاس میں عبوری الاونس کا اعلان ہونے کی توقع ہے ۔ سرکاری ملازمین کی تنظیمیں 22 تا 30 فیصد عبوری الاونس کا حکومت سے مطالبات کر رہی ہے ۔ تاہم حکومت ریاست کے معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے 12 تا 20 فیصد عبوری الاونس دینے پر غور کر رہی ہے ۔ ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیداروں پر مشتمل پی آر سی کو کابینہ میں منظوری دی جائیگی ۔ پے ریویژن کمیشن کیلئے وی کے اگروال ، راجیشور تیواری ، پی آر متیا ، رانی کمودنی ، بی وینکٹشور راؤ ، ناگی ریڈی ، شیو شنکر جیسے ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیداروں کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی اطلاعات مل ہی ہیں کہ زیر التوار تین ڈی ایز میں ایک ڈی اے جاری کیا جائے گا۔ ن