سرکاری ملازمین کی تنخواہ کی مکمل اجرائی کے احکامات جاری

   

حیدرآباد : تلنگانہ حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کو مکمل تنخواہ اور پنشن جون سے مکمل ادا کرنے کے بارے میں احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر کے فیصلہ کے مطابق پرنسپل سکریٹری اور فینانس کے رام کرشنا راؤ نے آج جی او ایم ایس 39 جاری کیا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب ریاست میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا جس میں توسیع کی گئی۔ اس مدت کے دوران حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں کٹوتی کا مارچ سے فیصلہ کیا جس پر اپریل اور مئی میں عمل کیا گیا۔ حکومت نے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مکمل تنخواہ اور پنشن کی بحالی کا فیصلہ کیا جس پر جون سے عمل آوری ہوگی۔ جون سے تمام ملازمین کی تنخواہیں پنشنرس کے وظیفہ کے علاوہ عارضی اور کنٹراکٹ ملازمین کا اعزازیہ مکمل ادا کیا جائے گا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ بقایاجات کے سلسلہ میں علحدہ احکامات جاری کئے جائیں گے ۔