سرکاری ملازمین کی توقعات کے عین مطابق پی آر سی کا اعلان

   

ریاستی وزیر دیاکر راؤ کا تیقن، ٹی آر ایس کی تائید کرنے ملازمین سے اپیل
حیدرآباد: وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی توقعات کے مطابق حکومت پی آر سی سفارشات پر فیصلہ کرے گی۔ گریجویٹ کونسل حلقوں کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے دیاکر راؤ نے ورنگل کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی اجلاسوں سے خطاب کیا ۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کو یقین دلایا کہ پڑوسی ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں پی آر سی کی سفارشات بہتر رہیں گی اور دیگر ریاستوں سے زیادہ فٹمنٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس ووٹ حاصل کرنے کیلئے اعلانات پر بھروسہ نہیں کرتی۔انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ انتخابی فائدہ کیلئے جھوٹی ہمدردی کرنے والے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس انتخابات میں شکست کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور حکومت کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کی جارہی ہے ۔ ایم ایل سی کی دونوں نشستوں پر شکست کی صورت میں حکومت کے زوال پذیر ہونے کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس کو یقین ہے کہ دونوں امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ محض دو نشستوں پر حکومت کا دارومدار نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین تلنگانہ کے ساتھ مرکز کی ناانصافیوں پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ورنگل میں ریلوے کوچ فیاکٹری کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن نریندر مودی حکومت نے اس وعدہ سے انحراف کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تائید سے چلنے والی حکومت کو زوال سے دوچار نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہیں۔ نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے سرکاری ملازمین کو تیقن دیا کہ انتخابات کے بعد حکومت پی آر سی سفارشات پر فیصلہ کا اعلان کرے گی ۔ تلنگانہ تحریک میں سرکاری ملازمین کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت سرکاری ملازمین کی توقعات کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ کرے گی اور وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کیا جائے گا۔