سرکاری ملازمین کی سبکدوشی حد عمر میں اضافہ کابینہ میں توسیع کے بعد ممکن

   

ٹی آر ایس انتخابی منشور پر عمل آوری کی خواہاں ، مرکزی ملازمین کے خطوط پر عمل پر غور
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں سرکاری ملازمین کی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کی موجودہ حد عمر میں اضافہ کابینہ میں توسیع کے بعد ہی ممکن ہوسکے گا کیوں کہ کابینہ کے بغیر اس اہم ترین پالیسی مسئلہ پر فیصلہ کرنا حکومت کے لیے نا مناسب سمجھا جارہا ہے ۔ تاہم سمجھا جاتا ہے کہ آئندہ چند دنوں کے دوران ریاستی کابینہ میں توسیع کے ساتھ ہی منعقد ہونے والے پہلے کابینہ کے اجلاس میں سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ انتخابات کے موقع پر صدر تلنگانہ راشٹریہ سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سبکدوشی کی عمر کو 58 سال سے بڑھا کر 61 سال کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ لیکن 61 سال کی حد عمر مرکزی ملازمین کی حد عمر 60 سال سے بھی تجاوز کرجانے پر نئے تنازعات و نئے مسائل و پیچیدگیاں پیدا ہونے کا امکان ہے ۔ لہذا حکومت کوئی تنازعات و قانونی پیچیدگیاں پیدا ہونے کا کوئی موقعہ فراہم نہ کرتے ہوئے فیصلہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چندر شیکھر راؤ اپریل 2019 یا 2020 سے وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کے فیصلہ پر عمل آوری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ جب کہ وظیفہ کی عمر میں کسی شرائط وغیرہ کے بغیر فی الوقت مرکزی حکومت کی جانب سے روبہ عمل لائی جانے والی سبکدوشی کی حد عمر 60 سال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریاستی سرکاری ملازمین کے لیے بھی سبکدوشی کی عمر 60 سال مقرر کرنے کی اعلیٰ عہدیداروں کے ایک گروپ نے چیف منسٹر کو تجاویز پیش کرنے کی اطلاعات ہیں اعلیٰ عہدیداروں کے مطابق ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں وظیفہ پر سبکدوشی کی موجودہ حد عمر کو 61 سال کرنے کے تیقن کی روشنی میں فیصلہ کی صورت میں بعض قانونی مسائل پیدا ہونے کا خدشہ پایا جاتا ہے ۔ لہذا مرکزی حکومت کے خطوط پر ہی ریاست میں 60 سال وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر پر عمل آوری کرنے پر کوئی مسائل و پیچیدگیاں پیدا ہونے کا موقعہ فراہم نہیں ہوسکے گا ۔ اگر 61 سال کرنے کی صورت میں کوئی عدلیہ سے رجوع ہونے کی صورت میں عدلیہ کی جانب سے سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کرنے کی بنیادی وجوہات پر سوالات کئے جانے کا قوی امکان ہے ۔ لہذا ایسا کوئی موقعہ فراہم کئے بغیر مرکزی حکومت کے طریقہ کار پر ہی عمل آوری کرنے کا اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے چیف منسٹر کو مشورہ دئیے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ اگر 61 سال عمر کر کے 33 سال سرویس کی شرط رکھتے ہوئے 33 سال سرویس یا 61 سال عمر جو پہلے مکمل ہوں گے اس تجویز پر عملی اقدامات ممکن نہیں ہوں گے کیوں کہ اگر کوئی 20 سال کی عمر میں ہی ملازمت میں رجوع ہونے کی صورت میں 33 سال سرویس مکمل کرنے پر ایسے ملازمین کو صرف 53 سال کی عمر میں ہی ملازمت سے سبکدوش ہونے پر مجبور ہونا پڑے گا ۔ لہذا ان تمام حالات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہی ریاستی حکومت وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کی حد عمر کو 60 سال کرنے پر ہی سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے ۔۔