بیروزگار نوجوانوں کی جے اے سی کا آج چلو عثمانیہ یونیورسٹی جلوس
حیدرآباد ۔ 17جون ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے بیروزگار نوجوانوں نے منگل کو سہ پہر 3بجے ’’ چلو عثمانیہ یونیورسٹی ‘‘ جلوس منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ کے طلبہ اور بیروزگار نوجوانوں کی جوائنٹ ایکشن کمیشن ( جے اے سی ) کے سربراہ کے مناوتا رائے نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حیکومت کو سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی حد عمر میںاضافہ کے سرکاری حکمنامہ ( جی او) سے دستبرداری اختیار کرلینا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ وظیفہ پر سبکدوشی کی حد عمر میں کمی کی جائے کیونکہ ریاست میں بیروزگار نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ مناوتا رائے نے سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں 58سال سے 61سال تک اضافہ اور میڈیکل کالج پروفیسرس کی سبکدوشی کی حد عمر 58سے بڑھاکر 65 سال مقرر کرنے کی مخالفت کی ہے۔
