سرکاری ملازمین کی سبکدوشی کی عمر میں اضافہ،جی او جاری

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں 3 سال اضافہ کے احکامات پر30 مارچ سے عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ حکومت نے وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر کو 58 سال سے بڑھاکر 61 سال کرتے ہوئے گزٹ نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کردیا ہے۔ آج محکمہ فینانس سے احکامات جاری کئے۔ پرنسپل سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ نے جی او ایم ایس 45 جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر کی حد میں اضافہ کیلئے عمل آوری تاریخ 30 مارچ 2021 مقرر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ انتخابی وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے 58 سال کی حد کو بڑھا کر 61 سال کیا اور اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اس ضمن میں قانون سازی کی گئی۔ حکومت کے اس فیصلہ سے 36000 سرکاری ملازمین کو فائدہ ہوگا۔ حکومت نے سرکاری ملازمین اور ٹیچرس کی وظیفہ کی عمر کی حد میں اضافہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہوئے 30 فیصد فٹمنٹ کا اعلان کیا گیا۔