سرکاری ملازمین کی سبکدوشی کی عمر میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست

   

پی آر سی کمیٹی نے 60 سال کی سفارش کی تھی، چیف منسٹر نے انتخابی منشور کے وعدے کو پورا کیا
حیدرآباد : تلنگانہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی حد عمر کو 58 سال سے بڑھا کر 61 سال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی وعدے کو پورا کردیا۔ سال 2018ء میں منعقدہ اسمبلی انتخابات ٹی آر ایس کی جانب سے جاری کردہ منشور میں سرکاری ملازمین کے وظیفہ کی حد عمر میں تین سال کا اضافہ کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ وعدے کے 28 ماہ بعد چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی میں اس وعدے کو پورا کرنے کا اعلان کیا۔ حکومت کے اس اعلان کے بعد سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر زیادہ رہنے والی ریاستوں میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے۔ آندھراپردیش، کرناٹک، پنجاب، گجرات، مہاراشٹرا، اترپردیش، بہار، چھتیس گڑھ ریاستوں میں سرکاری ملازمین کی وظیفہ کی حد عمر 60 سال ہے۔ مرکزی ملازمین کی بھی وظیفہ کی حد عمر 60 سال ہے۔ واضح رہیکہ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی کا جائزہ لینے کیلئے بسوال کی قیادت میں تشکیل دی گئی۔ پی آر سی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں سرکاری ملازمین کے وظیفہ کی حد عمر میں 60 سال کرنے کی سفارش کی تھی۔ پی آر سی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ معیاری طبی سہولتیں دستیاب ہیں۔ صحت کے بارے میں عوام میں شعور بیدار ہوا ہے جس سے ریاست کے ملازمین کی مدت عمر میں اضافہ ہوا ہے۔ ان تمام پہلوؤں کی عمر میں مزید دو سال بڑھانے کی تجویز پیش کی تھی لیکن حکومت نے پی آر سی کمیشن کی سفارش سے ایک سال وظیفہ کی حد عمر میں اضافہ کیا۔ حکومت کے اس فیصلہ سے 3,00,178 سرکاری ملازمین کو فائدہ ہوگا۔ ریاست میں 4,91,304 لاکھ سرکاری ملازمین ہیں جن میں 1.91 لاکھ جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔