سرکاری ملازمین کی نئی ہیلت کیر اسکیم کا چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے جائزہ لیا

   

اندرون دو ہفتے افتتاحی تقریب، تنخواہ اور وظیفہ سے 1.5 فیصد کی کٹوتی
حیدرآباد ۔12 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کی صدارت میں ایمپلائیز ہیلت کیر ٹرسٹ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سرکاری ملازمین کیلئے نئی ہیلت کیر اسکیم کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔ آئندہ 15 دنوں میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کی موجودگی میں اسکیم کی افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی۔ ایمپلائیز ہیلت کیر ٹرسٹ نے ملازمین کے لئے نئی ہیلت کیر پالیسی کے مختلف نکات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری سی وی آنند ، مہیش دت یکا ، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ ، پرنسپل سکریٹری ہیلت کرسٹینا چونگٹو کے علاوہ سرکاری ملازمین ٹیچرس اور پنشنرس کی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہیلت کیر اسکیم کیلئے ملازمین کی بنیادی یافت سے 1.5 فیصد کی منہائی سے اتفاق کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے 1.5 فیصد حصہ داری کا فیصلہ ہوا۔ ہیلت اسکیم سے متعلق رہنمایانہ خطوط آئندہ چند دنوں میں جاری کئے جائیں گے ۔ چیف سکریٹری نے ملازمین اور پنشنرس کے نمائندوں کو بتایا کہ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر اسکیم کی تفصیلات کا اعلان کریں گے ۔ پرنسپل سکریٹری ہیلت نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کیلئے اسکیم کی تفصیلات پیش کی۔ ریاست میں ایک لاکھ 44 ہزار ملازمین اور پنشنرس ہیں اور ان کے افراد خاندان کی تعداد 12.84 لاکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اور پنشنرس کے علاوہ درجہ چہارم ملازمین، نان گزیٹیڈ اور گزیٹیڈ پنشنرس کی بنیادی تنخواہ میں سے 1.5 فیصد کی کٹوتی سے سالانہ 528 کروڑ جمع ہوں گے ۔ حکومت کی جانب سے مساوی رقم ٹرسٹ کو دی جائے گی۔ ایمپلائیز ہیلت کیر ٹرسٹ میں ملازمین کی تنظیموں کے 6 اور پنشنرس کے 2 نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔ ٹرسٹ کے سی ای او کے طور پر حکومت کے کسی عہدیدار کا تقرر کیا جائے گا۔ سرکاری ملازمین اور پنشنرس کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت نے اسکیم تیار کی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکیم کے آغاز کے لئے اندرون دو ہفتے تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔ اجلاس میں ٹی این جی اوز سنٹرل یونین کے صدر ایم جگدیشور ، تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس سنٹرل اسوسی ایشن کے صدر سرینواس راؤ ، تلنگانہ سکریٹریٹ اسوسی ایشن کے صدر سرینواس ریڈی ، جنرل سکریٹری پریم دیویندر ، پنچایت راج ٹیچرس یونین کے دامودر ریڈی ، یونائٹیڈ ٹیچرس فیڈریشن کے سی ایچ روی ، تلنگانہ ریونیو ایمپلائیز اسوسی ایشن کے صدر وی رویندر ریڈی ، ریٹائرڈ ایمپلائیز یونین جے اے سی کے صدر لکشمیا اور دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔1