سرکاری ملازمین کی یونین کے خلافکارروائی پر ہائیکورٹ کا حکم التواء

   

حیدرآباد۔15۔ فروری (سیاست نیوز) آندھراپردیش ہائی کورٹ نے جگن موہن ریڈی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی یونین کی مسلمہ حیثیت ختم کرنے کے فیصلہ پر حکم التواء جاری کیا ہے۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں مزید کوئی کارروائی نہ کریں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں اے پی گورنمنٹ ایمپلائیز یونین کے صدر سوریا نارائنا کی قیادت میں ایمپلائیز قائدین نے ریاستی گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے تنخواہوں کی بروقت اجرائی کی درخواست کی تھی۔ ملازمین نے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہوں کی اجرائی اور بقایہ جات کے سلسلہ میں حکومت کو ہدایت دینے گورنر سے درخواست کی۔ گورنر سے ملاقات کے بعد ایمپلائیز قائدین نے راج بھون کے روبرو میڈیا سے بات چیت کی جو مبینہ طور پر سرکاری احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ حکومت نے ابتداء میں یونین کے صدر کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی جسے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ بعد میں حکومت کی جانب سے یونین کی مسلمہ حیثیت ختم کرنے کی کارروائی شروع کی گئی ۔ ہائی کورٹ نے حکومت کے فیصلہ پر حکم التواء جاری کیا جس پر سرکاری ملازمین نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ر