پہلے پے ریویژن کمیشن کی سفارش کو حکومت نے قبول کرلیا ، احکامات کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت نے سرکاری ملازمین کی آخری رسومات اور تدفین کے چارجس کو بڑھا کر 30 ہزار روپئے کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اگر کوئی سرکاری ملازم ملازمت کے دوران انتقال کرجاتا ہے تو آخری رسومات اور تدفین کے لیے پہلے ان کے ارکان خاندان کو فوری امداد کے طور پر 20 ہزار روپئے ادا کئے جاتے تھے ۔ تاہم پہلے پے ریویژن کمیشن ( پی آر سی ) نے ان چارجس کو بڑھا کر 30 ہزار روپئے کرنے کی حکومت سے سفارش کی ۔ محکمہ فینانس نے تجاویز تیار کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کی ہے ۔ ان تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے آخری رسومات اور تدفین کے چارجس کو بڑھاکر 30 ہزار روپئے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تمام زمرے کے ملازمین کو یہ لاگو ہوگا ۔ جاری کردہ احکامات میں بتایا گیا ہے کہ سرویس میں رہتے ہوئے فوت ہونے والے ملازمین ہی اس کے مستحق ہوں گے ۔ اس کے لیے سپلیمنٹری بلز تیار کرنے کی مختلف محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے ۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے اس سلسلے میں احکامات جاری کئے ہیں۔۔ 2