محکمہ تعلیم کیلئے آئندہ ماہ احکامات کی اجرائی کا امکان
حیدرآباد۔19 اگسٹ(سیاست نیوز) سرکاری ملازمین کی ٹیکہ اندازی کے احکامات کے بعد اب محکمہ صحت سے تمام محکمہ جات کے ملازمین کے ٹیکوں کی تفصیلات حاصل کی جانے لگی ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ محکمہ مال میں دونوں ٹیکہ لینے والے ملازمین کو خدمات کی اجازت کی طرح محکمہ تعلیم میں بھی احکام جاری کئے جائیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ دنوں ڈائرکٹر محکمہ تعلیم و محکمہ صحت سے اساتذہ اور اسکولوں میں برسر خدمت غیر تدریسی عملہ کے ٹیکوں کے سرٹیفیکیٹ کی تفصیلات اور نقولات منگوائی گئی ہیں ۔ کہا جار ہاہے کہ جس طرح کے احکامات محکمہ مال کے عہدیداروں اور ملازمین کیلئے جاری کئے گئے آئندہ ماہ کے آغاز کے ساتھ ہی محکمہ تعلیم کے عہدیداروں اور ملازمین کے لئے یہ احکام جاری کئے جاسکتے ہیں ۔محکمہ صحت کی جانب سے محکمہ تعلیم کے ملازمین کی ٹیکہ اندازی کی تفصیلات کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے خانگی اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو ٹیکوں کی تفصیلات کے حصول کے سلسلہ میں بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن نے تمام تفصیلات فوری طور پر روانہ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جس پر ریاست تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع کے سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے ٹیکوں کی تفصیلات روانہ کردی گئی گئی ہیں۔محکمہ تعلیم میں ہونے والی ٹیکہ اندازی اور اساتذہ کو دیئے گئے ٹیکوں کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے 70 فیصد سے زیادہ تدریسی و غیر تدریسی عملہ نے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے ٹیکہ لے لیا ہے اور ان میں محض 10 فیصد ہی ایسے اساتذہ ہیں جنہوں نے دونوں ٹیکہ حاصل کئے ہیں جبکہ مابقی 90فیصد اساتذہ ابھی ایک ہی ٹیکہ حاصل کئے ہیں اور ان تفصیلات سے محکمہ صحت کو واقف کروایا جاچکا ہے۔M