سرکاری ملازمین کے پروموشن کا عمل فوری مکمل کیا جائے

   


چیف منسٹر کی ہدایت، کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کی تیاریاں، وزیراعظم کی ویڈیو کانفرنس میں شرکت
حیدرآباد : چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرکاری محکمہ جات میں پروموشن کا عمل فوری مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے پروموشن کے علاوہ محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات تیار کی جائے۔ ضلع کلکٹرس کو ضلع واری سطح پر جائیدادوں کی تقسیم حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اندرون ایک ہفتہ متبادل تقررات کا عمل مکمل کرلیا جائے ۔ پرگتی بھون میں منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر نے کہا کہ اگرچہ تلنگانہ میں برڈ فلو نہیں ہے ، تاہم حکام کو چوکسی برقرار رکھنی چاہئے۔ برڈ فلو کے احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں چیف سکریٹری سومیش کمار کو منگل کے دن اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہریتا ہرم پروگرام پر کامیابی کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے شجرکاری کے کام میں توسیع دینے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے 16 جنوری کو کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کے بعد کسی ری ایکشن کی صورت میں فوری علاج کا انتظام کیا جائے ۔ چیف منسٹر نے ٹیکہ اندازی پر وزیراعظم نریندر مودی کی ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا۔ چیف منسٹر نے ٹیکہ اندازی پروگرام کے سلسلہ میں بعض تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام پرائمری ہیلت سنٹرس میں ٹیکہ اندازی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریاست میں 1213 مراکز کا قیام عمل میں آیا ہے۔ 866 کولڈ چین پوائنٹس مقرر کئے گئے تاکہ ویکسین کو محفوظ کیا جاسکے۔ چیف سکریٹری کی قیادت میں کمیٹی اس کام کی نگرانی کر رہی ہے۔ ضلع اور منڈل کی سطح پر ٹاسک فورس کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جس میں وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور مقامی نمائندوں کو شامل کیا گیا ۔ مراکز سے متصل خصوصی کمرہ بنایا جائے گا تاکہ ری ایکشن کے شکار افراد کا علاج کیا جاسکے۔ ہر مرکز پر ایک ایمبولنس تیار رکھی جائے گی۔ چیف منسٹر نے ٹیکہ اندازی کے موقع پر کورونا قواعد کی سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی۔ جائزہ اجلاس میں پلے پرگتی پروگرام کے تحت عمل کی جارہی اسکیمات کا جائزہ لیا گیا۔