چیف منسٹر کے ساتھ ملازمین تنظیموں کے نمائندوں کی ملاقات
مسائل کی یکسوئی کیلئے کابینی سب کمیٹی تشکیل
حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ سرکاری ملازمین کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ ملازمین کی تنظیموں سے مذاکرات کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارک کی قیادت میں کابینی سب کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا۔ سب کمیٹی میں ڈی سریدھر بابو اور پونم پربھاکر کو بحیثیت ارکان شامل کرنے کا تیقن دیا۔ ڈی اے کی اجرائی میں ایک دو دن میں فیصلہ کا وعدہ کیا ۔ تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس ( ٹی جی او ) اور ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی و وزراء سے تین گھنٹوں تک ملاقات کی اور اپنے 51 مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چیف سکریٹری شانتی کماری، حکومت کے مشیر ڈاکٹر کے کیشو راؤ موجود تھے۔ چیف منسٹر نے سرکاری ملازمین کے نمائندوں کو بتایا کہ گذشتہ 10 ماہ میں6 گیارنٹی پر عمل کے علاوہ کسانوں کے قرض معاف کئے گئے ہیں اب سرکاری ملازمین کے مسائل پر توجہ دینے کا وقت ہے، ریاست کی مالی حالت ٹھیک نہیں ہے باوجود اس کے حکومت ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کیلئے عہد کی پابند ہے۔ سارے مسائل کو ایک ساتھ حل کرنے کی بجائے آہستہ آہستہ تمام مسائل کو حل کیا جائے گا اور اس میں ملازمین تعاون کریں۔ دیوالی تہوار کے بعد کابینی سب کمیٹی سے ملاقات کرکے اپنے مسائل پر تبادلہ خیال کریں۔ ڈی اے کی اجرائی کیلئے وہ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارک سے بات کرکے جمعہ کی شام یا ہفتہ کو اعلان کریں گے۔ کابینہ اجلاس میں مختلف مسائل پر غور کیا جائیگا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے اے سی سکریٹری جنرل سرینواس راؤ نے کہا کہ تقریباً 11 سال بعد ملازمین کے مسائل پر حکومت سے بات ہوئی ہے۔ ماضی میں ایسی بات چیت کبھی نہیں ہوئی۔ چیف منسٹر سے ملاقات میں جی او 317 ، ڈی اے، پی آر سی، سی پی سی کے علاوہ دیگر اُمور پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ دیوالی کے بعد 51 مسائل پر کابینی سب کمیٹی سے مذاکرات کئے جائیں گے۔ بات سے ہم مطمئن ہیں اور ہمیں حکومت پر بھروسہ ہے۔2