نئی دہلی: وزیر اعظم رہائشی منصوبہ (شہری)کے تحت مختلف مراحل میں مکانات کی تعمیر جاری ہے ۔ اس کے ساتھ ہی مشن کے تحت منظور شدہ مکانات کی کل تعداد اب 1.14 کروڑ ہے ، جن میں سے 89 لاکھ سے زیادہ زیر تعمیر ہیں اور 52.5 لاکھ مکانات مکمل کر کے مستحقین میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔مشن کے تحت کل سرمایہ کاری 7.52 لاکھ کروڑ ہے اور اس میں سے 1.85 لاکھ کروڑ مرکزی امداد کی شکل میں ہے ۔ اب تک 1.13 لاکھ کروڑ روپے پہلے ہی جاری ہو چکے ہیں۔ مرکزی منظوری اور نگرانی کمیٹی نے 14 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے 3.74 لاکھ مکانات کی تعمیر میں منتقل کیے جانے والے پروجیکٹوں میں ترمیم کے لیے بھی منظوری دی۔منگل کو یہاں ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کے سکریٹری درگا شنکر مشرا کی صدارت میں منعقدہ وزیر اعظم رہائشی منصوبہ (شہری) کی مرکزی منظوری اور نگرانی کمیٹی (سی ایس ایم سی) کی 56ویں میٹنگ میں یہ اطلاع دی گئی۔
پی ایم اے وائی۔یوکے ساتھ شراکت میں سستی رہائش، فائدہ اٹھانے والے پر مبنی تعمیر کے ساتھ ساتھ کچی آبادیوں کی بحالی کے لیے کل 3.61 لاکھ مکانات کی منظوری دی گئی۔ہاؤسنگ اور شہری امور کے سکریٹری نے مشن کے تحت مکانات کی تعمیر سے متعلق ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ مسائل اٹھائے ۔ انہوں نے ریاستوں ومرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا کہ وہ ایسے مسائل کو بلا تاخیر حل کریں تاکہ مکانات کی تعمیر میں تیزی لائی جاسکے ۔علاوہ ازیں ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کے سکریٹری نے پی ایم اے وائی۔یوکے تحت ملک بھر میں مکانات کی تعمیر کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے پر زور دیا تاکہ 2022 تک ‘سب کے لیے مکانات’ کا ہدف حاصل کیا جا سکے ۔مرکزی منظوری اور نگرانی کمیٹی کی میٹنگ کے علاوہ ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کے سکریٹری کے ذریعہ ایک ای۔ فنانس ماڈیول بھی شروع کیا گیا۔ یہ ای۔فنانس ماڈیول پردھان منتری شہری آواس یوجنا [؟] شہری کے ایم آئی ایس سسٹم کے تمام ماڈیولز کے ساتھ مربوط ہے ۔اس ماڈیول کو جاری کرتے ہوئے ، ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کے سکریٹری نے کہا کہ‘ای فنانس ماڈیول کو کسی بھی غلط معلومات کو دور کرنے کے ایک خاص مقصد کے ساتھ شروع کیا گیا ہے ۔ اب شفافیت ہوگی اور تمام مالیاتی ڈیٹا ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا۔’انہوں نے ہدایت دی کہ ماڈیول پر تیزی سے عمل آوری کے لیے ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں میں افسران اورایم آئی ایس اہلکاروں کے لیے علاقہ وار تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں۔سکریٹری، ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت (ایم او ایچ یو اے ) نے شہری تارکین وطن اورغریبوں کے لیے تلنگانہ اور تمل ناڈو میں سستے کرایہ کے رہائشی کمپلیکس (افورڈیبل رینٹل ہاؤسنگ کامپلیکس(اے ایچ آر سی) نمونہ (ماڈل) 2 کے تحت تجاویز کو بھی منظوری دی۔