سرکاری میڈیکل کالجس پروفیسرس کی وظیفہ حد عمر 65 سال ،بل منظور

   

عثمانیہ دواخانہ کی ترقی کیلئے اقدامات ، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا بیان
حیدرآباد۔ 18 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں ریاست کے تدریسی گورنمنٹ ہاسپٹلس میں خدمات انجام دینے والے پروفیسرس کیلئے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کی حد عمر میں 65 سال تک کا اضافہ کرنے سے متعلق چیف منسٹر کی جانب سے پیش کردہ بل پر ایوان میں مباحث ہوئے جس کے اختتام پر اس بل کو منظور کیا گیا۔ اسپیکر اسمبلی پی سرینواس ریڈی نے اس بل کی منظوری کا اعلان کیا جبکہ چیف منسٹر کی جانب سے پیش کردہ بلز پر قائد مجلس مقننہ پارٹی اکبرالدین اویسی نے تفصیلی مباحث کئے۔انہوں نے بعض تجاویز بھی پیش کرتے ہوئے بلوں کی تائید کی اور بل کو منظور کرنے کی خواہش کی۔ علاوہ ازیں رکن اسمبلی بی جے پی راجہ سنگھ نے پیش کردہ بلوں کی تائید کرتے ہوئے بلوں کو منظور کرنے کی خواہش کی۔ مذکورہ قائدین کے مباحث پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ میڈیکل کالجوں کی نشستوں کا تحفظ کرنے ممتاز ماہر پروفیسرس کی وظیفہ پر سبکدوش ہونے کی حد عمر میں اضافہ کرنے کی شدید ضرورت ہے جبکہ ریاستی حکومت پروفیسرس کیلئے ریٹائرمنٹ کی حد عمر میں اضافہ کرنے کیلئے ملک بھر میں پائے جانے والے طریقہ کار پر ہی عمل کررہی ہے اور گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کی مختلف جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے جبکہ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے ساتھ بہت جلد ایک اہم اجلاس طلب کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے اظہار خیال کے دوران عثمانیہ ہاسپٹل کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ عثمانیہ ہاسپٹل کی عمارت ایک تاریخی و ہیریٹیج کی حامل ہے اور ریاستی حکومت نے عثمانیہ ہاسپٹل کی ترقی کیلئے رقومات بھی منظور کئے اور اب موجودہ کھلی و خالی جگہ پر نیا ہاسپٹل تعمیر کرنے کا بعض گوشوں سے مطالبہ کیا جارہا ہے جبکہ بعض قواعد و ضوابط اور شرائط کی وجہ سے قدیم تاریخی عمارتوں کا انہدام کرنا ممکن نہیں ہے۔ عثمانیہ دواخانہ کی مخالفت کرنے والے افراد کے تعلق سے سخت گیر موقف اختیار کرکے چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ ان افراد کی جانب سے ہی ہر عمارت کو تاریخی عمارت ہونے کا ادعا کرتے ہوئے نئے مسائل پیدا کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر عمارت کو تاریخی عمارت قرار دیئے جانے پر ترقیاتی پروگرام کی انجام دہی ہرگز ممکن نہیں ہوسکے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہیریٹیج عمارتوں کو بڑے پیمانے پر ترقی دینے حکومت اقدامات ضرور کرے گی۔