سرکاری نظم و نسق عوام کی دہلیز تک پہنچ گیا

   

کاچیگوڑہ میں وارڈ آفس کے افتتاح کے بعد کے ٹی آر کا خطاب

حیدرآباد ۔ 16 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ نظم و نسق کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے آج سے گریٹر حیدرآباد میں وارڈ آفسوں کا افتتاح کیا گیا ہے۔ مسائل کی یکسوئی میں غیرجانبدارانہ مظاہرہ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ کاچیگوڑۃ وارڈ آفس کا ریاستی وزیر کے ٹی آر نے افتتاح کیا۔ آج ایک ہی دن میں گریٹر حیدرآباد کے 150 ڈیویژنس میں وزراء، میئر اور عہدیداروں کی جانب سے وارڈ آفسوں کا افتتاح کیا گیا۔ ایک وارڈ آفس میں 10 عہدیدار دستیاب رہیں گے۔ صاف صفائی، برقی، ٹاؤن پلاننگ کے مسائل کو فوری حل کیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ محکمہ بلدی نظم و نسق میں مزید ایک انقلابی اصلاحات لاتے ہوئے انہیں بے حد خوشی ہورہی ہے۔ سرکاری نظم و نسق کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے وارڈ آفسوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پر عوام کے بنیادی مسائل کی یکسوئی ہوگی۔ سٹیزن چارٹر کو بھی وارڈ آفسوں میں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست کی آبادی چار کروڑ ہے جس میں ایک کروڑ سے زیادہ عوام گریٹر حیدرآباد میں رہتے ہیں جس طرح شہر توسیع ہورہا ہے اس طرح مسائل بھی سر ابھار رہے ہیں۔ مقامی سطح پر عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے وارڈ آفسوں کا نیا نظام وجود میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں پنچایت سکریٹری اور دوسرا عملہ ہوتا ہے۔ میونسپلٹیز میں وارڈ آفیسر موجود ہوتا ہے مگر ایک کروڑ سے زیادہ آبادی والے جی ایچ ایم سی میں صرف 35,000 عملہ ہے۔ اسی لئے وارڈ آفسوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ ایک وارڈ میں اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کی قیادت میں 10 عہدیدار دستیاب رہیں گے۔ عوام کو اپنے مسائل کی یکسوئی کیلئے سرکل آفسوں کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ن