سرکاری و خانگی اسکولس کی آج سے کشادگی ،طلبہ کیلئے حاضری کا لزوم نہیں

   

7 تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت، اقامتی اسکولوں کی کشادگی پر حکم التواء
7 خانگی اسکولس نہ کھولنے اور غیر حاضر طلباء کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے

حیدرآباد۔31اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت تلنگانہ کی جانب سے اسکولوں کی کشادگی کے سلسلہ میں جاری سرکاری حکم نامہ پر حکم التواء جاری کرتے ہوئے رہائشی اقامتی اسکولوں کی کشادگی عمل میں نہ لانے کی ہدایت دی اور کہا کہ سرکاری و خانگی اسکولوں میں طلبہ کی حاضری لازمی قرار نہ دینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جو تاثر پیش کیا جا رہاہے اس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس سے کوئی فوت نہیں ہوا ہے۔ کارگذار چیف جسٹس رامچندر راؤ نے کہا کہ یکم ستمبر سے اسکولوں کی کشادگی نہ کرنے والے خانگی اسکولوں کے خلاف کوئی کاروائی نہ کی جائے اور نہ ہی باضابطہ کلاسس میں شرکت نہ کرنے والے طلبہ کے خلاف کوئی کاروائی کی جائے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کی جانب سے یکم ستمبر سے اسکولوں کی کشادگی کے سلسلہ میں جاری کردہ سرکاری حکم نامہ پر حکم التواء جاری کرتے ہوئے ریاستی حکومت اور محکمہ تعلیم کو ہدایت دی کہ وہ اندرون ایک ہفتہ اسکولوں کی کشادگی کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے تفصیلات عدالت میں پیش کرے۔ جسٹس رامچندر راؤ نے ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی جبکہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ایسے میں اسکولوں میں باضابطہ تعلیم کے آغاز کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے! انہو ںنے بتایا کہ اسکولوں میں آن لائن کلاسس کا سلسلہ جاری ہے اور اسے جاری رکھا جائے علاوہ ازیں اگر خانگی و سرکاری اسکولوں کی کشادگی عمل میں لائی جاتی ہے تو ان میں طلبہ کی حاضری کو لازمی قرار نہ دیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی اسکول کو کشادگی اور باضابطہ تعلیم کے انعقاد کے لئے مجبور نہ کیا جائے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے یکم ستمبر سے اسکولوں کی کشادگی کے سلسلہ میں جاری جی او کے خلاف مسٹر بالا کرشنا نے عدالت میں ایک درخواست مفاد عامہ داخل کرتے ہوئے اسکولوں کی کشادگی اور باضابطہ تعلیم کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات پر روک لگانے کی خواہش کی تھی جس کی سماعت کے بعد تلنگانہ ہائی کورٹ نے یہ حکم التواء جاری کیا ہے۔ عدالت نے رہائشی و اقامتی اسکولوں کی کشادگی پر مکمل روک لگانے کے احکامات جاری کئے ہیں اور کہا کہ ماہرین کی جانب سے ستمبر اور اکٹوبر کے دوران کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں اور اس صورتحال میں حکومت کی جانب سے اسکولوں کی کشادگی کیفیصلہ پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور مقدمہ کی آئندہ سماعت 4اکٹوبر کو مقرر کی گئی ہے۔M