سرکاری و خانگی اسکولوں میں 3 ماہ کے ریمیڈیل پروگرام کی تجویز

,

   

پدم شری شریمتی شانتا سنہا کی پرنسپل سکریٹری تعلیم جناردھن ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد۔/2 جولائی ، ( سیاست نیوز) پدم شری شریمتی شانتا سنہا آر وینکٹ ریڈی ( ایم وی فاؤنڈیشن ) نے آج پرنسپل سکریٹری تعلیم جناردھن ریڈی ( آئی اے ایس ) سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ سابق رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ شریمتی شانتا سنہا نے تلنگانہ میں تعلیمی سہولتوں اور حکومت کی جانب سے اسکولوں میں معیار کو بہتر بنانے سے متعلق اپنی سروے رپورٹ بعض تجاویز کے ساتھ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت منصوبہ بند حکمت عملی کے ساتھ کام کررہی ہے تاہم اسے مزید بہتر نتائج کیلئے چند اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے سرکاری اور خانگی اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے فوری طور پر 3 ماہ کے ریمیڈیل ٹیچنگ پروگرام کے آغاز کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ اور بعض دیگر ریاستوں میں اس تجویز پر عمل آوری کے نتیجہ میں بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے قومی سطح پر اس طرح کی حکمت عملی اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے لیکن افسوس کہ دسویں جماعت میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی قابل لحاظ تعداد پرائمری سطح کے سوالات کا جواب دینے سے قاصر ہے۔ دستور ہند میں اس بات کی گنجائش فراہم کی گئی ہے کہ تعلیمی نظام کو جوابدہ بنایا جائے اس کے لئے ضلع پریشد، منڈل پریشد اور پنچایت راج کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں تاکہ اسکولوں کی کارکردگی بہتر ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ کیرالا ،کرناٹک اور تاملناڈو میں یہ تجربہ کامیاب ثابت ہوا ہے۔