حیدرآباد ۔ /17 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں سرکاری و خانگی مدارس (اسکولوں کو ) کو جاریہ ماہ /28 ستمبر سے دسہرہ تہوار کے تعطیلات دیئے جائیں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق اکیڈیمک کیلنڈر کی روشنی میں ریاست بھر کے تمام اسکولوں کو جاریہ ماہ /28 ستمبر تا آئندہ ماہ /13 اکٹوبر تک دسہرہ تہوار (وجئے دشمی) کی تعطیلات رہیں گی ۔ ریاستی محکمہ تعلیم کے کمشنر نے اس بات کا اعلان کیا اور بتایا کہ تعطیلات کے اختتام کے بعد اسکولس دوبارہ /14 اکٹوبر کو کھل جائیں گے ۔ (کشادگی عمل میں آئے گی) ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست بھر میں گورنمنٹ جونیر کالجس ، پرائیویٹ جونیر کالجس کو بھی جاریہ ماہ /28 ستمبر تا ماہ /9 اکٹوبر تک دسہرہ تہوار کے تعطیلات دیئے جائیں گے ۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ تعطیلات کے اختتام پر ریاست بھر کے تمام گورنمنٹ و پرائیویٹ جونیر کالجس /10 اکٹوبر کو دوبارہ کھل جائیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی محکمہ تعلیم اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن عہدیداروں نے اس سلسلہ میں تمام متعلقہ عہدیداران تعلیم و پرنسپالس کالجس کو بھی ضروری ہدایات دی ہیں ۔