انٹر سال دوم کا آئندہ ہفتہ نتیجہ، اقامتی اسکولس میں باقاعدہ کلاسیس کیلئے چہارشنبہ کو اجلاس
حیدرآباد : وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے سرکاری اسکولس کے تمام ٹیچرس کو 26 جون سے ڈیوٹی پر رجوع ہونے کی ہدایت دی ہے اور محکمہ تعلیم نے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔ حکومت نے یکم جولائی سے تعلیمی اداروں کی کشادگی کا فیصلہ کیا ہے ۔ہفتہ دس دن میں کلاسیس کا آغاز ہونے کے پیش نظر تعلیم کے آغاز اور اس کے قواعد کا جائزہ لینے وزیر تعلیم نے عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا جس میں کورونا کی صورتحال ، تعلیمی اداروں کی کشادگی باقاعدہ کلاسیس کا آغاز اور آن لائن تعلیم کے علاوہ دیگر اُمور کا جائزہ لیا گیا ۔ بعد ازاں سبیتا اندرا ریڈی نے میڈیا سے کہا کہ 25 جون سے اساتذہ کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے احکام جاری کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ انٹر سیکنڈ ایئر نتائج آئندہ ہفتہ جاری کئے جائیں گے ۔ ڈگری ، پوسٹ گریجویٹ باقاعدہ کلاسیس کا یکم جولائی سے آغاز ہوگا ۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ریاست میں 1000 اقامتی اسکولس ہیں چہارشنبہ کو کابینہ سب کمیٹی کا اجلاس ہوگا ۔ وزراء کے ایشور ، ستیہ وتی راتھوڑ ، جی کملاکر و دیگر سے تبادلہ خیال کے بعد کلاسیس شروع کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا ۔ ٹیچرس کو ہائی رسک ٹیکرس کی فہرست میں شامل کرنے چیف سکریٹری کو تجاویز روانہ کی گئی ہیں ۔ ساتھ ہی 18سال کے طلبہ کو بھی ٹیکہ دینے کی حکومت کو تجویز پیش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی ٹیوشن فیس وصول کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ جاریہ سال 30 فیصد فیس کم کرنے کی خانگی اسکولس سے اپیل کی جائیگی ۔ وہ آئندہ ہفتہ میں خانگی اسکول نمائندوں کا ایک اجلاس منعقد کریں گی ۔ انٹر اور ریذیڈنشیل اسکولس میں باقاعدہ کلاسیس شروع کرنے کے معاملہ میں قطعی فیصلہ دو دن بعد وزراء کی سب کمیٹی اجلاس میں کیا جائے گا ۔