سرکاری ٹیچروں کی ترقیوں کیلئے شیڈول کی اجرائی

   

2 تا 11 اگست ترقی کا عمل ، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نوین نکولس نے احکامات جاری کئے
حیدرآباد /31 جولائی ( سیاست نیوز ) حکومت نے سرکاری ٹیچرس کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم یہ واضح کردیا کہ ترقی اس شرط پر دی جائے گی کہ ترقی پانے والے اسکول اسسٹنٹس کو مطلوبہ اسکولس میں تعینات کیا جائیگا ۔ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نوین نکولس نے آج احکامات جاری کئے ہیں۔ اس کے علاوہ ترقی سے متعلق شیڈول بھی جاری کردیا گیا ۔ ترقیوں کا یہ عمل 2 اگست سے شروع ہوگا اور 10 دن میں مکمل ہوگا ۔ ریجنل جوائنٹ ڈائرکٹرس اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس شیڈول کے مطابق ضروری اقدامات کریں۔ 2 اگست کو گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹرس ، اسکول اسسٹنٹس جائیدادوں کیلئے سرکاری ، لوکل باڈی اسکولس میں فی الحال مخلوعہ رہنے والی جائیدادوں کو متعلقہ ڈی ای اوز کی ویب سائیٹس پر آن لائن دکھائی جائے گی ۔ گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹرس کے عہدوں پر ترقی کیلئے اسکول اسسٹنٹ واسکول اسسٹنٹس کی ترقیوں کیلئے سکینڈری گریڈ ٹیچر SGTsکی سیناریٹی فہرست کو بتایا جائے گا ۔ 3 اگست کو گورنمنٹ اور لوکل باڈی اسکولس میں اسکول اسسٹنٹس اور ایس جی ٹی سے متعلق عارضی سیناریٹی فہرستوں پر اعتراضات وصول کئے جائیں گے ۔ 4 اور 5 اگست کو اعتراضات کا جائزہ لیتے ہوئے قطعی سیناریٹی فہرست جاری کی جائے گی۔ 6 اگست کو اسکول اسسٹنٹس کیلئے ویب آپشن کا اندراج ہوگا ۔ 7 اگست کو گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹرس کی جائیدادوں پر اسکول اسسٹنٹس کو ترقی دی جائے گی ۔ 8 اور 9 اگست کو گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹرس کو ترقی کے احکامات جاری کرنے کے بعد اسکول اسسٹنٹس اور متعلقہ کیڈرس کی مخلوعہ فہرست آویزاں کی جائیں گی ۔ ایس جی ٹی کی سیناریٹی فہرستوں پر اعتراضات وصول اور حل کئے جائیں گے ۔ جس کے بعد قطعی فہرست کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ 10 اگست کو اسکول اسسٹنٹس اور مساوی کیڈرس کی ترقی کیلئے سکنڈری گریڈ ٹیچرس کو ویب آپشن کا اندراج کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔ 11 اگست کو اضلاع کلکٹرس کی منطوری کے ایس جی ٹیز کیلئے ترقی سے متعلق احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ اس عمل سے ساری ریاست میں تقریباً 2000 ٹیچرس کو ترقی ملنے کے امکانات ہیں ۔ 2