سرکاری پالیسیاں اور فیصلے نوجوانوں کو با اختیار بنانے پر مرکوز : مودی

,

   

ملک کی ترقی نوجوانوں کی محنت ‘ قابلیت و قیادت پر منحصر ۔ روزگار میلہ میں وزیر اعظم نے 71 ہزار نوجوانوں کو تقرر نامے حوالے کئے
نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعے روزگار میلے میں 71ہزار نوجوانوں میں تقرری نامے تقسیم کیے اور کہا کہ حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں سے روزگار اور خود روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ ہزاروں نوجوانوں کیلئے ایک نئی شروعات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے برسوں کے خواب پورے ہوئے ،محنت رنگ لائی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت روزگار میلوں جیسے اقدامات سے نوجوان صلاحیتوں کو استعمال کرنے کو ترجیح دے رہی ہے ۔ گزشتہ 10 برسوں میں مختلف وزارتوں اور محکموں میں سرکاری ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں تقریباً 10 لاکھ مستقل سرکاری نوکریاں دی گئی ہیں اور یہ ریکارڈ ہے ۔ یہ ملازمتیں مکمل شفافیت سے دی جارہی ہیں اور نئے افراد لگن اور ایمانداری سے خدمت کررہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ کسی ملک کی ترقی نوجوانوں کی محنت، قابلیت اور قیادت پر منحصر ہے ۔ ہندوستان 2047 تک ترقی یافتہ ملک بننے پرعزم ہے کیونکہ ملک کی پالیسیاں اور فیصلے اس کے باصلاحیت نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دہائی میں میک ان انڈیا، خود کفیل ہندوستان، اسٹارٹ اپ انڈیا، اسٹینڈ اپ انڈیا اور ڈیجیٹل انڈیا جیسے اقدامات نے نوجوانوں کو آگے رکھا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی پانچویں بڑی معیشت اور تیسرا بڑا اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام ہے ۔ آج ہندوستانی نوجوان اعتماد سے بھرے ہیں۔ وہ ہر شعبے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ آج اسٹارٹ اپ کرنے والے نوجوان کاروباری مضبوط سپورٹ سسٹم سے مستفید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک مختلف شعبوں میں تبدیلی سے گزر رہا ہے ، ہندوستان موبائل مینوفیکچرنگ میں دوسرا بڑا ملک بن گیا ۔ ہندوستان قابل تجدید توانائی، نامیاتی کھیتی، خلائی، دفاع، سیاحت اور صحت کے شعبوں میں ترقی کر رہا ہے اور ہر شعبے میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے ۔ وزیر اعظم نے زور دیا کہ ملک کی ترقی کو تیز کرنے اور نئے ہندوستان کی تعمیر کیلئے نوجوان ہنر کو پروان چڑھانا ضروری ہے اور یہ ذمہ داری تعلیمی نظام پر عائد ہوتی ہے ۔ قومی تعلیمی پالیسی ہندوستان کو جدید تعلیمی نظام کی طرف لے جا رہی ہے پہلے یہ نظام محدود تھا، لیکن اب یہ اٹل ٹنکرنگ لیبز و پردھان منتری ۔شری اسکول کے ذریعے اختراع کو فروغ دیتا ہے ۔ حکومت نے دیہی نوجوانوں اور پسماندہ کمیونٹیز کیلئے مادری زبان میں ہدایات اور ٹیسٹنگ و 13 زبانوں میں بھرتی امتحانات سے زبان کی رکاوٹوں کو بھی دور کیا ہے ۔ مزید برآں، مستقل سرکاری ملازمتوں کیلئے خصوصی بھرتی ریلیوں کے ساتھ سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کے کوٹہ میں اضافہ کیا گیا ۔ آج 50,000 سے زیادہ نوجوانوں کو سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کیلئے تقررنامے ملے جو اہم کامیابی ہے ۔کسان لیڈر چودھری چرن سنگھ کو یاد کرکے وزیر اعظم نے کہا کہ آج ان کا یوم پیدائش ہے ۔ چرن سنگھ کا خیال تھا کہ ہندوستان کی ترقی دیہی ہندوستان کی ترقی پر منحصر ہے ۔ مودی نے کہا کہ آج تقرر کردہ نوجوان بدلے حکومتی نظام میں شامل ہو رہے ہیں۔ نئے ملازمین سیکھنے اور بڑھنے کے جذبے سے اس مقصد تک پہنچے ہیں اور اس جذبے کو برقرار رکھنا چاہئے ۔ انہوں نے کرمایوگی پلیٹ فارم پر سرکاری ملازمین کیلئے مختلف کورسز کی دستیابی کا ذکر کیا اور انہیں سہولت کے مطابق اس ڈیجیٹل ٹریننگ ماڈیول تک رسائی حاصل کرنے کی ترغیب دی۔