جموں : جموں وکشمیر کے ضلع رام بن میں سرکاری استاد کو سوشل میڈیا پر حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرنا مہنگا پڑا ۔معلوم ہوا ہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر کی ہدایت پر ٹیچر کو معطل کرکے جانچ کی خاطر ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔اطلاعات کے مطابق رام بن میں جمعے کے روز ایک سرکاری استاد کو سوشل میڈیا پر حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرنے کی پادائش میں نوکری سے معطل کیا گیا۔ضلعی ترقیاتی کمشنر رام بن کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا سائٹوں پر ملازمین کی جانب سے حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کے بارے میں حال ہی میں سرکار کی طرف سے دی گئی ہدایات کی خلاف ورزی پر جوگندر سنگھ جو کہ چندر کوٹ پرائمری اسکول میں استاد ہے کو فوری طورپرمعطل کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ معطل ٹیچر کو چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن کے دفتر کے ساتھ منسلک کیا گیا ۔