بی آر ایس کی جانب سے آسمان میں سیاہ غبارے چھوڑکر احتجاج کا اعلان : کویتا
حیدرآباد ۔ 3 فبروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے 500 روپئے گیس سلنڈر اسکیم کی افتتاحی تقریب میں پرینکا گاندھی کو مدعو کرنے کے فیصلے کی شدید مخالفت کی۔ سرکاری پروگرام میں پارٹی قائد پرینکا گا ندھی کو مدعو کرنے پر بطور احتجاج سیاہ غبارے آسمان میں چھوڑنے کا انتباہ دیا ہے۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ پرینکا گاندھی کانگریس کی قائد ہوسکتی ہے۔ انہوں نے ابھی تک بلدیہ کا الیکشن نہیں جیتا اور نہ ہی کبھی اسمبلی اور پارلیمنٹ کو منتخب ہوئی ہیں۔ پرینکا گاندھی کو کانگریس پارٹی کے پروگرامس میں مدعو کرلیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے مگر سرکاری پروگرام میں مدعو کیا گیا تو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بی آر ایس پارٹی جمہوری انداز میں احتجاج درج کرائے گی۔ اندراولی میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اس کا جو اعلان کیا ہے وہ مضحکہ خیز ہے۔ اس ضمن میں معذرت خواہی کرنے کا کویتا نے کانگریس سے مطالبہ کیا ہے۔ اندراولی میں صبح سرکاری پروگرام اور شام میں پارٹی کا جلسہ عام منعقد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اندراولی میں سرکاری فنڈز کا بیجا استعمال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جمعہ کے دن اندراولی میں کتنا سرکاری فنڈز خرچ کیا گیا اس کی وضاحت کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی چارٹرڈ فلائیٹ میں دہلی روانہ ہورہے ہیں۔ اس کے اخراجات کے تعلق سے بھی تفصیلات پیش کرنے پر زور دیا۔ کویتا نے کہا کہ چیف منسٹر نے ان کے ساتھ سرکاری قافلے نہ ہونے کا اعلان کیا تھا مگر چیف منسٹر کے شہر حیدرآباد کے دوروں کے دوران ٹریفک کو روک دینے کا بھی الزام عائد کیا۔ پرجا دربار میں چیف منسٹر صرف ایک دن حاضر ہونے پر شدید تنقید کیا۔2