جنگاوں کے پیمبرتی میں واقعہ ۔ اولیائے طلبا کا شدید احتجاج
حیدرآباد 13 جولائی ( سیاست نیوز ) ایک سرکاری ہاسٹل سے 19 طلباء فرار ہوگئے ۔ اس واقعہ کے بعد اولیائے طلبہ میں شدید برہمی پیدا ہوگئی ۔ اطلاع کے بعد طلباء کے والدین اور سرپرستوں نے ہاسٹل پہونچکر سخت احتجاج درج کروایا اور ہاسٹل عملہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ۔ تاہم طلباء کے تعلق سے کوئی اطلاعات حاصل نہ ہوسکیں جو ابھی اپنے مکانات بھی نہیں پہونچے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے ضلع جنگاؤں کے پیمبرتی میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ اس علاقہ میں مہاتما جوتی باپھولے کے نام سے سرکاری اسکول قائم ہے اور اسکول میں ہاسٹل کی سہولت پائی جاتی ہے ۔ کل رات اچانک تقریبا 19 طلباء ہاسٹل کی دیوار پھاند کر فرار ہوگئے ۔ طلبہ کے اس اقدام سے ہاسٹل انتظامیہ پر سوال اٹھائے جارہے ہیں ۔ طلبہ کی فراری کے وقت عملہ کہاں موجود تھا ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پتہ چلا ہے کہ دراصل طلبہ اساتذہ اور ہاسٹل کے سینئیر ساتھیوں کی مبینہ ہراسانی کا شکار تھے اور ان ہراسانیوں سے تنگ آکر انہوں نے یہ اقدام کیا ۔ طلبہ ک دیوار پھاند کر فرار ہونے کے واقعہ کا ضلع انتظامیہ نے سخت نوٹ لیا ہے اور انتظامات و لاپرواہی کی وجوہات کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ۔ع