کئی ڈاکٹرس مستعفی، پیرا میڈیکل اسٹاف بھی ڈیوٹی پر حاصل ہونے خوفزدہ
حیدرآباد: سرکاری ہاسپٹلس میں کورونا سے حفاظت کے لئے احتیاطی تدابیر اور بنیادی انفراسٹرکچر کی کمی کے باعث ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنے بچاؤ کے لئے ملازمت ترک کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گورنمنٹ ہاسپٹلس میں کووڈ۔19 کی خصوصی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے تقریباً 10 سینئر ریسیڈنٹ ڈاکٹرس نے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ اس کے علاوہ 70 سے زائد نرسیس نے اپنی خدمات سے دستبرداری اختیار کرلی ۔ ہاسپٹلس کی ابتر صورتحال اور وائرس کا شکار ہونے کے اندیشہ کے تحت ڈاکٹرس نے یہ فیصلہ کیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصہ میں کئی ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ اس کے باوجود سرکاری دواخانوں کی حالت میں کوئی سدھار نہیں ہوا ۔ ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا وباء کے جاری رہنے تک خدمات پر واپس ہونے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ عثمانیہ میڈیکل کالج اور مہاتما گاندھی میموریل ہاسپٹل ورنگل کے علاوہ بعض دیگر سرکاری دواخانوں کے ڈاکٹرس نے استعفیٰ پیش کردیا۔ عثمانیہ میڈیکل کالج کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ایک طرف اسٹاف کی کمی ہے تو دوسری طرف انفراسٹرکچر کا فقدان ہے ۔ ڈاکٹرس کے لئے مناسب پی پی ای کٹس دستیاب نہیں ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں تاحال 300 سے زائد طبی عملہ کورونا سے متاثر ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیسٹ ہاسپٹل کو الاٹ کردہ کئی ڈاکٹرس نے ابھی تک اپنی خدمات کا آغاز نہیں کیا۔ ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کے نتیجہ میں سرکاری ہاسپٹلس کی خدمات متاثر ہوسکتی ہے۔