مخلوعہ جائیدادوں کو فوری پر کرنے اور تمام طبی اشیاء دستیاب رکھنے چیف سکریٹری کی ہدایت
حیدرآباد 7 اگسٹ ( سیاست نیوز ) چیف سکریٹری سومیش کمار نے ریاست کے سرکاری ہاسپٹلس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور مختلف زمروں کی مخلوعہ جائیدادوں پر فوری تقررات کی محکمہ صحت کو ہدایت دی ۔ چیف سکریٹری نے آج محکمہ صحت کے اعلی عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا ۔ کورونا کی تیسری لہر کی پیش قیاسی کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست کے تمام سرکاری ہاسپٹلس میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے کے علاوہ ادویات اور آکسیجن کے علاوہ دوسری سہولتیں فوری فراہم کرنے پر زور دیا ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے محکمہ صحت کے اعلی عہدیداروں کو بتایا کہ اس معاملے میں چیف منسٹر بہت سنجیدہ ہیں اور کوئی سمجھوتہ کرنے والے نہیں ہے ۔ ہاسپٹلس میں آکسیجن کی پیداوار کے پلانٹس کے قیام موجودہ عمارتوں میں نئی تعمیرات کی پیشرفت پر بھی عہدیداروں سے وضاحت طلب کی گئی ۔ چیف سکریٹری نے ریاست کے تمام ٹیچنگ ہاسپٹلس اور ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس میں پیڈیا ٹرک آکسیجن اور آئی سی یوبیڈس کی تعداد میں اضافہ کی ہدایت دی ۔ جی ایچ ایم سی حدود میں ہاسپٹلس پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ جو لوگ کورونا کا ویکسین نہیں لئے ہیں ان کی شناخت کرنے کیلئے خصوصی ’’ میاپ اپ ڈرائیو ‘‘ شروع کرنے کی ہدایت دی ۔ اجلاس میں صحت و خاندانی بہبود سکریٹری ایس اے ایم رضوی ، پبلک ہیلت ڈائرکٹر ، ڈاکٹر سرینواس راو ، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی و دیگر موجود تھے ۔