سرکاری ہاسپٹلس میں ٹیگ سسٹم متعارف کرنے کا اعلان

   

چنئی۔ تمل ناڈو کے وزیر صحت ما سبرامنیم نے اعلان کیا ہے کہ سرکاری میڈیکل کالجز، ضلع ہیڈکوارٹر اسپتالوں اور تعلقہ اسپتالوں میں مریضوں کے تیمارداروں کے لیے ٹیگ سسٹم مرحلہ وار متعارف کروایا جائے گا۔ یہ فیصلہ اْس واقعے کے بعد کیا گیا جس میں سینئر آنکولوجسٹ ڈاکٹر بالاجی جگناتھن کو ایک مریض کے بیٹے نے کئی مرتبہ چاقو مارکر زخمی کردیا۔ وزیر صحت نے بتایا کہ یہ سسٹم سب سے پہلے راجیو گاندھی گورنمنٹ جنرل اسپتال میں اکتوبر کے اوائل میں آزمائشی طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد اسپتالوں میں ہجوم کوکنٹرول کرنا اور طبی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ اس نظام کے تحت مختلف وارڈزکے لیے رنگین ٹیگ استعمال کیے جائیں گے: سرجیکل سپر اسپیشلٹیز کے لیے سبز، آئی سی یو کے لیے سرخ، سپر اسپیشلٹی شعبوں کے لیے پیلا اور جنرل وارڈز کے لیے نیلا ٹیگ جاری کیا جائے گا۔ ہر مریض کو دو ٹیگ دیے جائیں گے تاکہ دو تیماردار ان کے ساتھ رہ سکیں۔ علاوہ ازیں، ڈاکٹروں کی درخواست پر چند اسپتالوں میں دھاتی آلات کی جانچ اور بیگ اسکینرز بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ سیکیورٹی مزید بہتر کی جا سکے۔