8سال پرانے طبی آلات بدلنے کی ہدایت ‘وزیر صحت کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے سرکاری ہاسپٹلس میں بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے عصری آلات مہیا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ وزیر صحت نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں سرکاری ہاسپٹلس میں موجود طبی سہولتوں اور آلات کی موجودگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ حکومت نے سرکاری ہاسپٹلس میں عصری سہولتوں سے آراستہ طبی آلات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعہ ہاسپٹلس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے گاندھی ہاسپٹل کی صورتحال کا بطور خاص جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ صحت و صفائی کے بہتر انتظامات کے علاوہ آپریشن تھیٹرس میں عصری آلات فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی آلات کی فراہمی کے ذریعہ ہنگامی طور پر پہنچنے والے مریضوں کا موثر علاج کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے 8 سال قبل فراہم کردہ طبی آلات کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر صحت نے غریب خاندانوں کی مدد کے لئے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فنڈس کے استعمال کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں کارپوریٹ طرز کی طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں سکریٹری ہیلت ڈاکٹر کرسٹینا چنگٹو، ہیلت کمشنر سنگیتا ستیہ نارائنا، میڈیکل انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر مہیندر ریڈی، آروگیہ شری کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ادے کمار اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔حکومت کے اس فیصلہ سے عوام کو سرکاری دواخانوں میں بھی بہترین طبی خدمات حاصل ہونے کی توقع ہے ۔ 1