عثمانیہ ، گاندھی اور نمس دواخانوں میں خوف کا ماحول
حیدرآباد۔/6 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا سے متاثرہ ڈاکٹرس و نیم طبی عملے کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ حیدرآباد کے مختلف سرکاری ہاسپٹلس میں کورونا کا شکار ڈاکٹرس کی تعداد 68 ہوچکی ہے۔ عثمانیہ ہاسپٹل میں 41 ، گاندھی میں 4 ، نمس میں 12 ڈاکٹرس کورونا سے متاثر ہوئے۔ 8 پیرا میڈیکل اسٹاف بھی کورونا کا شکار ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ڈینٹل سے متعلق 3 طلبہ میں کورونا کی علامات پائی گئی ہیں۔ متاثرہ ڈاکٹرس کی تعداد 68 ہونے پر ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹرس کورونا مریضوں کے علاج میں عدم دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں تاہم حکومت کی پابندیوں کے نتیجہ میں وہ ڈیوٹی پر حاضری کیلئے مجبور ہیں۔ ڈاکٹرس کو شکایت ہے کہ احتیاطی تدابیر میں حکومت کے تساہل کے سبب کورونا ڈاکٹرس اور نیم طبی عملے میں پھیل رہا ہے۔ عثمانیہ میڈیکل کالج کے پروفیسرس و ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کو جو پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرس سے ربط میں تھے کورنٹائن کیا گیا ۔ ٹیچنگ ہاسپٹلس 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ 60 سال سے زائد عمر کے ڈاکٹرس کو کورنٹائن کیا گیا اور اُن میں بعض بی پی اور شوگر کے مریض ہیں۔ گذشتہ ہفتہ میں سرکاری ڈاکٹرس میں کورونا علامات تیزی سے ظاہر ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی ڈاکٹرس کا ٹسٹ کیا گیا جنکی رپورٹ کا انتظار ہے۔ نمس کارڈیالوجی اور جنرل میڈیسن کے 3 پروفیسرس و 4 ہیلت ورکرس میں کورونا علامات پائی گئیں۔ عثمانیہ، نیلوفر، سلطان بازار میٹرنٹی ہاسپٹل، ای این ٹی ہاسپٹل کنگ کوٹھی و پیٹلہ برج میٹرنٹی ہاسپٹل صرف 50 فیصد گنجائش کے ساتھ آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ چلارہے ہیں۔ یہاں صرف ہنگامی صورت میں آپریشنس کی ہدایت دی گئی ہے۔