سرکاری ہاسپٹل میں زچگیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے: کلکٹر

   


پداپلی۔/29 اکٹوبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے کہا کہ ماں اور بچّہ کی بہتر نگہداشت ، بہتر سہولیات اور طبّی خدمات کی وجہ سے سرکاری ہسپتال میں زچگیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے بروز جمعہ ضلعی عہدیدار برائے محکمہ طب و صحت ڈاکٹر پرمود کمار ، ضلع سرکاری ہسپتال سپریٹنڈنٹ نے ضلع کلکٹر سے ان کے چیمبر میں ملاقات کرتے ہوئے انھیں مطلع کیا کہ سرکاری ہسپتال میں زچگیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ماہ اگست تک ہر ماہ اوسطاً 113زچگیاں عمل میں لائی گئیں، ماہ ستمبر میں 180 اور 28اکٹوبر تک 210زچگیاں عمل میں آئی ہیں۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے انھیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر طبّی سہولیات کی فراہمی کے تحت ریاستی حکومت کی جانب سے کارپوریٹ طرز پر سرکاری ہسپتالوں میں بہتر سہولیات کے ساتھ ساتھ طبّی عملہ کی کاوشوں اور خدمات کے باعث سرکاری ہسپتالوں پر عوام کا اعتماد بڑھ گیا ہے۔ ضلع کلکٹر نے مطلع کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں تمام اقسام کے ٹسٹ کے ساتھ ساتھ مفت میں علاج و ادویات بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔ عوام کوطبّی معائنہ کے لئے خانگی ہسپتالوں کا رْخ کرنے کے بجائے سرکاری ہسپتالوں میں فراہم کی جارہی بہتر طبّی خدمات سے مستفید ہونے کی انھوں نے اپیل کی۔ضلع کلکٹر نے مزید کہا کہ عوام کی سہولت کی خاطر کچھ فیس ادا کرکے کمرہ لینے کی سہولت یکم نومبر سے شروع کی جائے گی۔