سرکاری ہاسپٹل کریم نگر کے مسائل حل کرنے کا تیقن

   

انچارج کمشنر ویدیا ودھان پریشد بابو کا دورہ اور مختلف طبی امور کا جائزہ
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) ریاستی انچارج کمشنر ویدیا ودھان پریشد مسٹر رمیش ریڈی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹل کریم نگر میں پائے جانے والے مسائل سے ریاستی حکومت کو واقف کرواتے ہوئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں انچارج کمشنر ویدیا ودھان پریشد مسٹر رمیش بابو نے صدر نشین ضلع پریشد شریمتی کے وجیا ، جوائنٹ کلکٹر مسٹر شیام پرساد لال، ٹی ایس ایم آئی ڈی سی ( تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن ) ایکزیکٹیو انجینئر مسٹر لکشما ریڈی نے گزشتہ روز شام میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل کریم نگر کا دورہ کیا تھا ۔ اس دورہ کے دوران ہاسپٹل انتظامیہ نے دورہ کرنے والے قائدین و عہدیداروں کو سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹل ڈاکٹر اجے کمار ، آر ایم او ڈاکٹر سریدھر نے دواخانہ میں درپیش مسائل سے واقف کروایا اور ایک تفصیلی رپورٹ مذکورہ تمام عہدیداروں و قائدین کو پیش کرتے ہوئے بتایاگیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل کیلئے ایم آر ئی 1.5 ٹیسلہ ، سی ٹی اسکیان، الٹرا اسکان معہ ڈاپلر، ایکسرے 500 ایم اے ۔ (100) بلک آکسیجن سلینڈرس، فولڈنگ کاٹس ( پلنگس) ایمبولنس، دس کمپیوٹرس ، بلڈ بینک، آرتھو لیاب اور ایس این سی یو کیلئے درکار تمام آلات فراہم کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل میں نرسنگ اسٹاف کی کمی اور ڈاکٹروں کی کمی سے متعلق واقف کروایا گیا۔ بعد ازاں ریاستی انچارج کمشنر ویدیا ودھان پریشد، مسٹر رمیش ریڈی نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے بتایاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل کریم نگر کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور ہاسپٹل میں پائے جانے والے مسائل سے بھی واقفیت حاصل کی گئی اور ان تمام مسائل سے حکومت کو واقف کروایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد پھر ایک مرتبہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹل کا دورہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہت جلد ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے حکومت کو پیش کریںگے۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ دورہ کرنے والے عہدیداروں و قائدین سے دوران تبادلہ خیال ہاسپٹل اڈمنسٹریٹیو آفیسر مسٹر نجم اللہ خان ، ڈاکٹر کونڈل ریڈی، آفس سرنٹنڈنٹ بی سدھیر، لیاب انچارج رویندر، انچارج نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سوجنما، قائدین فارمیسی سوپر وائزر ، شیوا کمار، فارماسسٹ اے پربھاکر و دیگر نے دواخانہ کے درپیش مسائل کی تفصیلات سے واقف کروایا۔