مکتھل ۔ 18 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مکتھل ضلع نارائن پیٹ کے مستقر پولیس اسٹیشن میں سرکل انسپکٹر پولیس مکتھل اور دو پولیس عہدیداروں کو محکمہ انسداد رشوت ستانی کے عہدیداروں نے رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک فینانس سوسائٹی کے مالک ایس وینکٹ راملو سے ان پر عائد کیس کو ختم کرنے 20 ہزار روپے کی رشوت قبول کرتے ہوئے سرکل انسپکٹر پولیس مکتھل چندرا شیکھر اور پولیس والوں شیواریڈی اور نرسمہا کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے پاس سے رشوت حاصل کی گئی رقم برآمد کرلی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ محبوب نگر کے متوطن سندھیا وینکٹ راملو نے مکتھل مستقر پر سری نیندھی فینانس سوسائٹی قائم کی تھی اور ان پر کئی کیسیس درج تھے جن میں ایک حالیہ اغواء کا مقدمہ بھی شامل تھا۔ ہائی کورٹ نے انہیں مشروط ضمانت دی تھی جس میں مکتھل سرکل انسپکٹر کے سامنے حاضری بھی شامل تھی۔ آج مکتھل پولیس اسٹیشن میں حاضری کے بعد ان کی ملاقات مکتھل سرکل انسپکٹرر پولیس چندرا شیکھر سے ہوئی اور انہوں نے کیس کو ختم کرنے سی آئی سے مدد طلب کی جس کے بعد پولیس اسٹیشن کے رائٹر نرسمہا نے وینکٹ راملو سے 20 ہزار روپے رشوت طلب کی اور سرکل انسپکٹر کی ہدایت پر کانسٹبل نرسمہا اور شیوا پولیس اسٹیشن ہی میں ملزم سے رشوت حاصل کررہے تھے۔ اسی وقت اے سی بی کے عہدیداروں نے دھاوا کرتے ہوئے انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ رائٹر نرسمہا نے اے سی بی کے عہدیداروں کو بیان دیا کہ انہوں نے یہ رشوت سی آئی چندرا شیکھر کے لئے قبول کی تھی جس کے بعد سرکل انسپکٹر پولیس مکتھل چندر شیکھر کے خلاف بدعنوانی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔