سرگیوز کی ہیٹ ٹرک،مانچسٹر سٹی 3-1 سے کامیاب

   

لندن۔4 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) فٹبال پریمئیر لیگ میں مانچسٹر سٹی نے آرسنل کو 3-1 گول سے شکست دی اور سرگیو نے شاندار ہیٹ ٹرک کرکے دفاعی چمپئن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اتحاد اسٹیڈیم لندن میں اپنے ہوم گراؤنڈ پرآرسنل اور مانچسٹر سٹی آمنے سامنے تھے اور دونوں ٹیموں نے میچ کا آغاز نہایت تیزی سے کیا۔ پہلے ہی منٹ میں سرگیو آگیورو نے ہیڈر کے ذریعہ گول کرکے مانچسٹرسٹی کو سبقت دلادی۔ 10 ویں منٹ میں آرسنل کے کوشلے نے گول کرکے میچ برابر کردیا۔ ہاف ٹائم سے کچھ دیر پہلے سرگیو ایک بار پھر گیند کو جال میں پھینکنے میں کامیاب رہے۔ مانچسٹر سٹی کی ایک گول کی برتری سے ہاف ٹائم کا اختتام ہوا۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کیلئے پورا زور لگایا۔ 61 ویں منٹ میں سرگیو نے ایک گول کرکے ہیٹ ٹرک بنانے والوں کی فہرست میں اپنا نام درج کروایا۔ اس طرح اب تک لیگ میں ان کے گول کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی ہے۔ مانچسٹر سٹی نے میچ اپنے نام کرکے نشانات کے جدول میں پہلے نمبر پر موجود لیورپول کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ دونوں ٹیموں میں اب صرف دو نشانات کا فرق باقی رہ گیا ہے۔
لیور پول 61 نشانات کے ساتھ پہلے مقام پر موجود ہے جبکہ مانچسٹر سٹی کے نشانات کی تعداد اب 59 ہوگئی ہے۔