شولاپور ، 28 ستمبر (یو این آئی) شولاپور ضلع کے مدھا تعلقہ کے درفل گاؤں میں ایک دل کو چھو لینے والا واقعہ پیش آیا جب مسلسل بارش اور سیلابی کیفیت کے دوران ایک شخص نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک بزرگ معذور شہری کو بچایا۔ بتایا گیا ہے کہ گاؤں کی ایک مسجد میں پناہ لینے والے بزرگ سکندر سید سیلاب کے پانی میں پھنس گئے تھے ، اس وقت مقامی شہری سریش شندے نے شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں محفوظ مقام پر پہنچایا۔ اس واقعہ کے بعد ہر طرف سریش کی ستائش کی جا رہی ہے ۔اطلاعات کے مطابق مدھا سمیت پورے مہاراشٹر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی مقامات پر سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ گھروں اور دکانوں میں پانی بھر گیا اور کافی نقصان بھی ہوا۔ معذور سکندر سید جو روزانہ اسی مسجد میں سوتے تھے ، گزشتہ رات بھی معمول کے مطابق مسجد ہی میں آرام فرما رہے تھے ۔ انہیں اندازہ نہ تھا کہ اتنی بڑی مقدار میں پانی داخل ہوگا۔ رات گئے اچانک پانی مسجد میں آنے لگا اور جب پانی جسم کو چھونے لگا تو وہ جاگ گئے ۔ رینگتے ہوئے انہوں نے مسجد کا دروازہ کھولا لیکن باہر بھی ہر سمت پانی دیکھ کر واپس اندر ہی پناہ لے لی۔