نئی دہلی: ہندستانی بلے بازوں نے دنیا میں جس طرح اپنا نام روشن کیا اسی طرح گیند بازوں نے بھی کچھ ایسے کارنامے انجام دیئے ہیں جن کو کبھی فرامو ش نہیں کیا جاسکتا ۔ جدید ٹیم انڈیا کے کچھ ہی ایسے گیند باز ہیں جن کی شہرت دنیائے کرکٹ میں پھیلی ۔ ان میں جواگل سریناتھ شامل ہیں، جنہوں نے حریف بلے بازوں کو پریشان کیا۔ کرناٹک کے میسور میں 31 اگست 1969 کی پیدائش والے سریناتھ کو بچپن سے کرکٹ کا شوق تھا۔ انہوں نے انجینئرنگ کی ڈگری جیاچما راجیندر کالج آف انجینئرنگ میسور سے حاصل کی۔ انجینئرنگ کرنے کے بعد امریکہ میں ملازمت حاصل کرنے کا خواب دیکھنے والے شریف النفس کھلاڑی نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ وہ کرکٹ کی دنیا میں شہرت حاصل کرے گا۔ سریناتھ نے اپنا ٹسٹ کریئر 29 نومبر 1991 کو آسٹریلیا کے خلاف شروع کیا اور اپنا آخری ٹسٹ 30 اکتوبر 2002 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا۔وہیں انہوں نے اپنا پہلا ونڈے انٹرنیشنل میچ 18 اکتوبر 1991 کو پاکستان کے خلاف کھیلا اور آخری ایک روزہ میچ 23 مارچ 2003 کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔ کپل دیو کی سوئنگ بولنگ ماند پڑجانے کے بعد ہندستان کا پیس اٹیک سنبھالنے اور اسے برقرار رکھنے والے بولر صرف سری ناتھ ہی تھے ۔