میلبورن۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلین اوپن میں خطاب کی دعویدار کھلاڑیوں کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے جیسا کہ عالمی نمبر ایک اور دفاعی چمیئن رومانیہ کی سمونا ہالیپ کو شکست دینے والی امریکی اسٹار کھلاڑی سرینا ولیمس کا بھی سیزن کے پہلے گرانڈ سلام سے اخراج ہوگیاہے۔ سرینا کو کوارٹر فائنل میں چیک جمہوریہ کے ابھرتی ٹینس اسٹار کیرولینا پلیسکووا کے خلاف 3 سٹوں کے مسابقتی مقابلے میں 4-6,6-4,5-7 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔اس شکست کے ساتھ ہی سرینا کو ریکارڈ 24 واں گرانڈ سلام خطاب کے لئے مزید انتظارکرنا پڑے گا۔مقابلے کے دوران سرینا کو اپنی فٹنس کا بھی امتحان دینے پڑا کیونکہ ایک موقع پر ان کا پیر موڑ گیا تھا۔پلیسکووا کا سیمی فائنل میں مقابلہ جاپان کی اسٹار کھلاڑی نومی اوسکا سے ہوگا جنھوں نے ایک اور کوارٹر فائنل میں یوکرین کی عالمی نمبر 6 ایلینا سیٹیلونا کو راست سٹوں میں 6-4,6-1 سے شکست دی۔ یاد رہے کہ اوساکا نے گزشتہ سیزن کھیلے گئے آخری گرانڈ سلام یوایس اوپن کے خطابی مقابلے میں سرینا ولیمس کو شکست دیکر نہ صرف گرانڈ سلام خطاب حاصل کرنے والی جاپان کی پہلی کھلاڑی بنی تھی بلکہ سرینا کو 24 ویں ریکارڈ خطاب سے بھی دور رکھا تھا اور امید کی جارہی تھی کہ یہاں آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں ان دونوں کے درمیان ایک اور مسابقتی مقابلہ ہوگا اور سرینا یوایس کا حساب برابر کریں گی لیکن شائقین اس مقابلے سے محروم ہوگئے ہیں۔سرینا کے خلاف کامیابی پر اظہارخیال کرتے ہوئے پلیسکووا نے کہا کہ دوسرے سٹ میں سرینا نے نہ صرف اپنا کھیل بہتر کیا بلکہ تیسرے سٹ میں انہوں نے 5-1 کی سبقت بنالی تھی لیکن اس موقع پر انکے کھیل میں گراوٹ ہونے لگی اور میں نے اپنے کھیل پر توجہ دینی شروع کی اور میں خود کو خوش قسمت مانتی ہوں کہ شکست کے اتنے قریب جانے کے بعد میںنے اسٹار کھلاڑی کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔دریں اثناء مرد زمرے کے کوارٹرفائنل میں عالمی نمبرایک نواک جوکووچ کو سیمی فائنل میں رسائی کا اس وقت موقع ملا جب جاپان کے کئی نیشی کوری نے 6-1,4-1 کے بعد مقابلے سے سبکدوشی اختیار کرلی۔