سرینا نے شاراپوا کوشکست دی،فیڈررکی پیشقدمی

   

نیویارک ۔27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) سیزن کے چوتھے اور آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن کے 139 ویں ایڈیشن کے پہلے دن ہی کئی ایک حیران کن نتائج سامنے آئے جبکہ سرینا ولیمز، راجر فیڈرر، نواک جوکووچ نے پہلے مرحلے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ امریکی ٹینس اسٹارسرینا ولیمز نے روس کی ماریا شاراپوا کو شکست دی، سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے سمت نگال جبکہ عالمی نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نوویک جوکووچ نے اسپین کے روبرٹو کاربالس کو شکست دے دی۔سرینا ولیمز اور ماریا شراپوا کے درمیان ایک سنسنی خیز میچ کی امید کی جارہی تھی لیکن سرینا ولیمز کے آگے ماریا شاراپوا مکمل بے بس نظر آئیں اور راست سٹوں سے شکست برداشت کرنے کے علاوہ میدان میں موجود سب ہی شائقین کو مایوس کر ڈالا۔سرینا ولیمز نے پہلے راؤنڈ میں ماریا شاراپوا کو 6-1,6-1 سے شکست دی۔ شاراپوا کی سرینا کے خلاف یہ مسلسل 19 ویں مرتبہ شکست ہوئی۔علاوہ ازیں پہلے ہی راونڈ میں کربر کو شکست ہوئی ۔مرد زمرے کے مقابلوں میں ہندوستان کی مہم پہلے ہی مرحلے میں ختم ہوگئی لیکن جس ہندوستانی کھلاڑی پر تمام تر توجہہ مرکوز تھی وہ سمت نگل رہے جنھوں نے یو ایس اوپن کا شاندار آغاز کرتے ہوئے راجر فیڈرر جیسے کھلاڑی کے خلاف پہلا سیٹ اپنے نام کیا لیکن دو گھنٹے پچاس منٹ طویل اس مقابلے میں انھیں فیڈرر کے خلاف 6-4، 1-6 ، 2-6 ، 4-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ شکست کے باوجود نگل کی فیڈرر نے دل کھول کر ستائش کی اور ان کے تابناک مستقبل کی پیش قیاسی کی ۔ دوسری جانب ایک اور ہندوستانی کھلاڑی پرجنیش گونیشور کو عالمی درجہ بندی میں پانچویں مقام پر فائز روسی کھلاڑی ڈینیل میڈی ویڈو کیخلاف راست سیٹوں میں 4-6، 1-6، 2-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ فیڈرر نے کامیابی کے بعد نگل کے خلاف اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ گرانڈ سلام کے پہلے ہی مقابلے میں جس طرح انھوں نے پہلے سٹ میں مظاہرہ کیا وہ انتہائی متاثرکن ہے جس سے ان کے مستقبل کی بہتر اُمید کی جاسکتی ہے ۔ عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ نے بھی پہلے مرحلے میں آسان کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی پیشقدمی جاری رکھی ہے ۔