ٹورنٹو۔ 11اگست (سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کی سرینا ولیمس نے سال کے آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن کے لئے اپنی مضبوط تیاری کا اشارہ دیتے ہوئے ڈبلیوٹی اے ٹورنٹو ٹینس ٹورنمنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔آٹھویں سیڈ سرینا نے سنگلز زمرے کے سیمی فائنل میں ایک سیٹ سے پچھڑنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کی کوالیفائنگ ماری بجوکا کو 1-6، 6-3، 6-3 سے شکست دی۔ سرینا نے اپنے کریر میں پانچویں مرتبہ اس ٹورنمنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے ۔امریکی کھلاڑی 2001، 2011 اور 2013 میں یہاں خطاب جیت چکی ہیں اور اب چوتھے ٹورنٹو خطاب سے ایک قدم دور رہ گئی ہیں۔ سرینا صرف ایک بار اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہاری ہیں۔ انہیں سال 2000 میں مارٹینا ھنگز سے ہار کھانی پڑی تھی۔سابق نمبر ایک اور 23 بار کی گرینڈ سلام فاتح سرینا کا فائنل میں کینیڈا کی بیانکا اندریسکیو سے مقابلہ ہوگا جنہوں نے دیگر سیمی فائنل میں امریکہ کی صوفیہ کینن کو دو گھنٹے 11 منٹ میں 6-4، 7-6 سے شکست دی۔