نیویارک ۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سال کے چوتھے اور آخری گرانڈ سلام ایونٹ یو ایس اوپن کے ویمنز سنگل سیمی فائنلز مرحلے میں کامیابی کے بعد سرینا ولیمز اور بیانکا آندریسکو فائنل میں داخل ہو گئیں۔ پہلے سیمی فائنل میں نمبر آٹھ سیڈ امریکہ کی سرینا ولیمز نے نمبر پانچ سیڈ یوکرین کی ایلینا سویٹولینا کو 6-3 اور 6-1 سے شکست دے کر فلشنگ میڈوز پر101 ویں کامیابی کی بدولت فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ دسویں مرتبہ اس ٹورنمنٹ کے فائنل میں پہنچنے والی سرینا ولیمز24 ویں گرانڈ سلام خطاب کے ذریعہ مارگریٹ کورٹ کا ریکارڈ برابر کرنا چاہتی ہیں۔ دوسرے سیمی فائنل میں نمبر پندرہ سیڈ کینیڈا کی بیانکا آندریسکو نے نمبر 13 سیڈ سوئس حریف بلینڈا بین چچ کو 6-1 اور 7-5 سے ٹھکانے لگا ڈالا جو ٹرافی کیلئے سرینا ولیمز کے سخت چیلنج کا سامنا کریں گی۔