سرینواس ایف آئی آر کو منسوخ کرانے ہائی کورٹ پہنچے

   

گوہاٹی : یوتھ کانگریس کے قومی صدر سرینواس بی وی نے پارٹی کی برخاست رکن انگکیتا دتہ کی جانب سے ہراساں کرنے اور حملہ کرنے کے الزام میں ان کے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کرانے کے لئے گوہاٹی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے ۔اس معاملے کی سماعت جسٹس اجیت بورٹھاکر نے کی۔ معاملے کی اگلی سماعت 2 مئی کو ہوگی۔محترمہ دتہ نے 19 اپریل کو دیسپور پولیس اسٹیشن میں سری نواس کے خلاف گزشتہ چھ ماہ کے دوران ان کے خلاف فحش تبصرے کرنے ، گندی زبان استعمال کرنے اور ان کے خلاف شکایت کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی تھی۔آسام یوتھ کانگریس کی صدر محترمہ دتہ نے الزام لگایا کہ فروری میں رائے پور میں پارٹی کے مکمل اجلاس کے دوران سری نواس نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور ان کے سیاسی کیریئر کو برباد کرنے کی دھمکی دی تھی۔آسام پولیس نے سری نواس کے خلاف خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے ۔