ہنمنت راؤ اور رینوکا چودھری کی دعویداری کو خطرہ
حیدرآباد ۔16 ۔ جون (سیاست نیوز) کھمم کے سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی کی کانگریس میں شمولیت سے قبل نشستوں کے مسئلہ پر اختلافات منظر عام پر آئے ہیں۔ بی آر ایس سے معطلی کے بعد سابق رکن پارلیمنٹ سرینواس ریڈی اور محبوب نگر کے سابق وزیر جوپلی کرشنا راؤ کی کانگریس میں شمولیت تقریباً یقینی سمجھی جارہی ہے۔ شمولیت کے بعد سرینواس ریڈی کو کھمم لوک سبھا حلقہ سے پارٹی ٹکٹ دیا جانا طئے ہے اور دیگر اسمبلی حلقہ جات میں سرینواس ریڈی کے حامیوں کے نام زیر غور رہیں گے۔ ایسے میں کھمم لوک سبھا نشست پر دعویداری رکھنے والے قائدین وی ہنمنت راؤ اور رینوکا چودھری ناراض دکھائی دے رہے ہیں۔ سرینواس ریڈی کی شمولیت کی صورت میں وہ کھمم لوک سبھا حلقہ کے ٹکٹ سے محروم ہوسکتے ہیں۔ رینوکا چودھری نے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا لیکن ہنمنت راؤ نے اپنی خاموشی توڑ دی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں نئے شامل ہونے والے افراد کو ٹکٹ کے بجائے پارٹی کے استحکام کیلئے مجبور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سرینواس ریڈی اور ان کے حامیوں کو ٹکٹ الاٹمنٹ سے متعلق کسی بھی شرط پر کانگریس نے اتفاق نہیں کیا ہے۔ سرینواس ریڈی غیر مشروط طورپر کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔ اگر نئے شامل ہونے والوں کو ٹکٹ دیا جائے تو پھر قدیم اور پہلے سے محنت کرنے والے قائدین کہاں جائیں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ دیگر پارٹیوں سے قائدین کی کانگریس میں شمولیت کا خیرمقدم ہے لیکن نئے قائدین کو پارٹی کے استحکام کے لئے کام کرنا چاہئے ۔ ر