سرینواس گوڑ کو قتل کرنے کے سازشی ملزمین کو پولیس تحویل کی درخواست

   

وزیر پر معاشی اور سماجی سطح پر جینا مشکل کرنے کا الزام ، اصل سرغنہ سے پوچھ تاچھ پر انکشاف
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آبکاری سرینواس گوڑ کے قتل کی سازش کو ناکام بنانے کے بعد گرفتار افراد کی پولیس تحویل کے لیے پولیس نے عدالت میں درخواست داخل کی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس بالا نگر زون مسٹر جی سندیپ نے بتایا کہ خاطیوں کو 10 دن پولیس تحویل میں دینے کے لیے درخواست داخل کی گئی ہے ۔ امکان ہے کہ سائبر آباد پولیس خاطیوں کو بہت جلد تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کرے گی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ریاستی وزیر کے قتل کی سازش تیار کرنے والے اصل سرغنہ ملزم راگھویندراجو سے پولیس پوچھ تاچھ کے دوران بتایا کہ سرینواس گوڑ نے معاشی اور سماجی سطح پر ان کا جینا مشکل کردیا تھا ۔ وزیر پر الزامات لگاتے ہوئے پولیس کو سازش کی وجوہات بتاتے ہوئے راگھویند راجو نے بتایا کہ سرینواس گوڑ نے اس کے کاروبار کو تباہ کردیا ۔ رئیل اسٹیٹ تجارت کو نقصان پہونچانے کے علاوہ آدھار سنٹر کو بند کروادیا اور منسوخ کروایا ۔ اس کے علاوہ ایک دن میں ایکسائز کے کئی مقدمات درج کئے گئے ۔ بار اور ریسٹورنٹ کو بند کروادیا اور ہر لحاظ سے راگھویند راجو تنگ آچکا تھا جس نے اس سازش کو تیار کیا ۔ یاد رہے کہ اس معاملہ میں جملہ 8 ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا جن میں دہلی سے گرفتار افراد بھی شامل ہیں ۔ ریاستی وزیر کے قتل کی سازش کے تار سابق رکن پارلیمنٹ کے گھر سے جڑے ہونے کے سبب سیاسی حلقوں میں بحث کا آغاز ہوچکا ہے ۔ سائبر آباد پولیس نے آج میڑچل کی عدالت میں پولیس تحویل کے لیے درخواست داخل کی ہے ۔ امکان ہے کہ اس معاملہ میں مزید حیرت انگیز انکشافات منظر عام پر آئیں گے ۔۔ ع