17 جنوری کو پرامن ریالی منعقد کرتے ہوئے سکندرآباد کی تقسیم کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان
حیدرآباد ۔13 ۔ جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف کئے گئے متنازعہ ریمارکس سے دستبرداری اختیار کرلی۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد کی تقسیم سے ہونے والے نقصانات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ چند دن قبل سرینواس یادو نے سکندرآباد کے ٹکڑے کرنے پر چیف منسٹر کے ٹکڑے کرنے کا انتباہ دیا تھا ، جس پر آج انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان ریما رکس سے دستبرداری اختیار کررہے ہیں۔ جذبات میں انہوں نے اس طرح کے لب و لہجہ کا اظہار کیا تھا جو سیاست میں درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد کو تقسیم کرنے کی جو سازش کی جارہی ہے ، وہ ٹھیک نہیں ہے ۔ سکندرآباد کی اپنی ایک تاریخ ہے ، اس کو توڑنے یا مٹانے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں ہے۔ سکندرآباد کے چند ڈیویژنس کو ملکاجگری زون کے حدود میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی ہم سخت مخالفت کرتے ہیں ۔ 220 سالہ تاریخ رکھنے والے سکندرآباد کو اس طرح تقسیم کرتے ہوئے اس کی اہمیت کو گھٹانے کی جو کوشش کی جارہی ہے ، وہ ناقابل برداشت ہے جس کی بی آر ایس پارٹی سخت مذ مت کرتی ہے ۔ حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف 17 جنوری کو ایک پرامن ریالی منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ سرینواس یادو نے بتایا کہ یہ ریالی سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوگی اور کلاک ٹاؤر ، پیاٹنی ، پیراڈائس سے گزرتے ہوئے ایم جی روڈ پر واقع مجسمہ گاندھی جی کے پاس اختتام کو پہنچے گی۔ حکومت پر دباؤ ڈالنے اور سکندرآباد کو تقسیم کرنے کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرانے کیلئے اس پرامن ریالی کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے سکندرآباد کی عوام سے ریالی کو کامیابی بنانے کی اپیل کی۔2
