ریاستی وزیر کا نمائش میدان کا دورہ ۔ بہتر انتظامات کی ستائش
حیدرآباد 9 جون ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر افزائش مویشیان ٹی سرینواس یادو نے آج نمائش میدان نامپلی پر دمہ کی دوا کی تقسیم کے مقام کا دورہ کیا اور وہاں انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے باتھینی ہری ناتھ گوڑ کے افراد خاندان سے دمہ کے مریضوں میں دوا کی تقسیم کے تعلق سے استفسار بھی کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست اور ملک کے دوسرے کئی مقامات سے لوگ دمہ کی دوا مچھلی میں کھانے کیلئے یہاں آتے ہیں اور دوا کے استعمال کے بعد واپس ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ دوا استعمال کرنے کے بعد واپس ہو رہے تھے انہوں نے یہاں کے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے یہاں عوام کی سہولت اور انہیں دوا کے حصول میں آسانی کیلئے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے ۔ سرینواس یادو نے متعلقہ تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کی بھی ستائش کی ہے جنہوں نے آپسی تعاون اور اشتراک کے ذریعہ یہاں موثر انتظامات کئے ہیںاور دوا کی تقسیم کے پروگرام کو کامیاب بنایا ہے ۔ انہوں نے یہاں اپنے اپنے طور پر خدمات انجام دینے والی مختلف سماجی تنظیموں سے بھی اظہار تشکر کیا ہے جو یہاں آنے والے دوا کے خواہشمند افراد کی سہولت کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایسی رضا کارانہ تنظیموں اور ان کے ذمہ داران سے خواہش کی کہ وہ مستقبل میں بھی ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود اور بہتری کیلئے خدمات انجام دیتے رہیں۔
