عوام کو گھر پر ضروری اشیاء کی سربراہی، یونانی دواخانہ چارمینار میں 300 بستروں کا انتظام
حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے آج پرانے شہر کے چارمینار علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن اور کنٹینمنٹ علاقوں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے تاریخی چارمینار کے احاطہ میں عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ یونانی دواخانہ چارمینار میں کورنٹائن سنٹر کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں اور ڈاکٹرس سے بات چیت کی۔ سرینواس یادو نے کہاکہ کنٹینمنٹ زون کے عوام کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے تمام ضروری اشیاء کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کے تحفظ کے لئے حکومت ہر قدم پر کام کررہی ہے۔ جی ایچ ایم سی، پولیس، برقی، صحت اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے انتظامات سے واقف کرایا۔ پرانے شہر میں کورونا پر قابو پانے کے اقدامات، لاک ڈاؤن پر عمل آوری، کنٹینمنٹ علاقوں میں عوام کو بنیادی ضرورتوں کی فراہمی جیسے اُمور پر ریاستی وزیر نے عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ ساؤتھ زون حدود میں 55 کنٹینمنٹ علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پرانے شہر کے عوام میں اعتماد کی بحالی کے لئے وہ دورہ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق عہدیدار اور عوامی نمائندے عوام کے درمیان پہونچ کر مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اگرچہ کورونا کا قہر دنیا بھر میں جاری ہے لیکن ترقی یافتہ ممالک وائرس پر قابو پانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ساؤتھ زون حدود میں 57 کنٹینمنٹ علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کورونا وائرس کے واقعات میں کمی کے سبب اِن علاقوں کی تعداد کو گھٹاکر 55 کردیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کورونا پازیٹیو کے 168 کیسیس منظر عام پر آئے ، اِن میں 488 افراد کو گھروں پر کورنٹائن کیا گیا۔ 280 افراد معائنے کے لئے مختلف دواخانوں میں ہیں۔ چارمینار یونانی دواخانہ میں 300 بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔ آنگن واڑی اور آشا ورکرس گھر گھر جاکر ہیلت سروے کررہے ہیں۔ کنٹینمنٹ علاقہ میں صحت و صفائی کے علاوہ پانی اور برقی کی مؤثر سربراہی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ سرینواس یادو نے عہدیداروں کے علاوہ بعض مقامی افراد سے بھی بات چیت کی۔ رکن اسمبلی ممتاز احمد خاں، زونل کمشنر اشوک سامراٹ اور ڈپٹی کمشنر سوریہ کمار اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔